مہاجر یوم ثقافت آج منایا جا رہا ہے ،ملک بھر میں تقریبات ،گورنر سندھ نے کیک کاٹا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ’’مہاجر یوم ثقافت‘‘ آج پورے ملک میں منایا جارہا ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں اور قصبوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب 12بجے سے ہی یوم ثقافت کے حوالے سے مختلف تقریبات کا آغاز کردیا گیا ، 24دسمبر شروع ہوتے ہی، پاکستان کے قومی پرچم لہرائے گئے، قومی ترانہ اور مہاجر ترانے بجائے گئے،کیک کاٹے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، جن کا سلسلہ آج دن بھر جاری رہے گا، ان ریلیوں میں شرکاء نے سفید کرتے پاجامے اور سیاہ واسکٹ زیب تن کی ہوئی تھیں۔
"جنگ " کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے تحت کراچی اور حیدرآباد سمیت پورے پاکستان میں باضابطہ طور پر مہاجر یوم ثقافت منایا جارہا ہے۔ متحدہ کے اعلامیے کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ پیر کو رات ساڑھے 11بجے’’ جشن مہاجر ثقافت‘‘ کے سلسلے میں فیڈرل بی ایریا، عائشہ منزل پر لگائے گئے مرکزی استقبالیہ کیمپ کا دورہ کیا، جب کہ پورے شہر میں ایم کیو ایم کے تحت درجنوں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں، جن میں رات بھرمہاجر ثقافت کے حوالے سے نغمے بجائے جاتےرہے،مرکزی کیمپ میں گورنر سندھ نے رات 12بجےکیک کاٹا، اس موقع پر زبردست آتش بازی کی گئی۔