حکومت،اپوزیشن مذاکرات بغیر شرائط کے ہونے چاہئیں، قیصر احمدشیخ
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت،اپوزیشن کے مذاکرات بغیر شرائط کے ہونے چاہئیں،9مئی کیسز کا جلد فیصلہ ہوجاتا تو 26 نومبر کا معاملہ نہ ہوتا،فوجی تنصیبات پر حملے معمولی بات نہیں،جو اس معاملے کا سرغنہ ہے اس کے خلاف جلد سے جلد کارروائی ہونی چاہئے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ معاملات کے حل کیلئے مذاکرات ہی آپشن ہے،اب کفر ٹوٹا ہے خدا،خدا کر کے،اب کمیٹیاں بن گئی ہیں،یہ اچھی بات ہے،ورلڈ وار کے بعد بھی ٹیبل پر بیٹھنا پڑا،اختلاف ہوتے ہیں لیکن بیٹھ کر مسائل حل کئے جاتے ہیں،سپیکر ایاز صادق نے اچھا کام کیا ہے،دونوں طرف سے بغیر شرائط کے بات چیت ہونی چاہئے، جو چیزیں ماننے والی ہوں گی وہ پہلے مانی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو لوگ ملوث ہیں انہیں انصاف کے کٹہرے تک لانا چاہئے،9 مئی کے ذمہ داروں کا فوجی عدالتوں میں کیس ہوگا، ہمارے ہاں فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے جو معمولی بات نہیں،جو اس معاملے کا سرغنہ ہے اس کے خلاف جلد سے جلد کارروائی ہونی چاہئے،فیصلے جلدی آجاتے تو 26 نومبر والا واقعہ نہ ہوتا،امریکہ،برطانیہ میں بھی جلد فیصلے دیئے گئے۔
قیصر احمدشیخ