چین کی چاندی

چین کی چاندی
چین کی چاندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چین کی جانب سے   حال ہی میں بزرگوں کی بہتر فلاح و بہبود کی خاطر "چاندی کی معیشت" کو مضبوط بنانے کے لئے رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں, یہ پالیسی دستاویز چین میں "سلور اکانومی" کے نام سے موسوم پہلی پالیسی دستاویز ہے جس میں چار اہم شعبوں میں 26 اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ اس شعبے میں ہائی ٹیک مصنوعات اور اعلیٰ معیار کے سروس ماڈلز کو آگے بڑھانے کے لئے چین کے عزم کو ظاہر کرتی ہے  جس کا مقصد بزرگ شہریوں کے لئے ایک مکمل اور آرام دہ بڑھاپے کو یقینی بنانا ہے۔اس پالیسی کی روشنی میں چین اپنے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کے لئے،اُن کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کی رہنمائی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

 مزید برآں، رہنما خطوط کی روشنی میں بزرگوں کی گھر پر مبنی خدمات میں توسیع اور کمیونٹیز کے اندر مربوط خدمات کی سہولیات کو مزید ترقی دی جائے گی۔ اس نقطہ نظر کا مقصد مختلف ترتیبات میں بزرگ آبادی کے لئے دستیاب حمایت اور دیکھ بھال کو بڑھانا ہے۔
ان اقدامات میں عمر رسیدہ افراد کے لیے صحت کی خدمات کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں عام ہسپتالوں اور روایتی چینی طب کے ہسپتالوں میں میڈیسن کے شعبوں کو مضبوط بنانا، طبی دیکھ بھال اور نرسنگ کے امتزاج کو بڑھانا، ساتھ ہی بزرگوں، خاص طور پر معذور افراد کے لیے دیکھ بھال اور خدمات کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہے، اسی طرح پالیسی دستاویز میں بزرگوں کے لئے ثقافتی اور کھیلوں کی خدمات کو بڑھانے کے لئے اقدامات کا تعین کیا گیا ہے ، جن میں ان کی ضروریات کے مطابق مختلف کھیلوں کے پروگراموں کا انعقاد بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ گائیڈ لائن میں ، دیہی علاقوں میں بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
اس ضمن میں چین، چاندی کی معیشت پر توجہ مرکوز کرنے والے تقریباً دس صنعتی پارکس کے قیام کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے صنعتی کلسٹرز کی ترقی کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ گائیڈ لائن میں اس شعبے میں معروف کاروباری اداروں کو پروان چڑھانے اور بزرگوں کی دیکھ بھال کی خدمات اور عمر رسیدہ افراد میں دوستانہ تبدیلیوں کو فروغ دینے سے متعلق مختلف شعبوں میں معیاری پائلٹ پروگرام کا آغاز بھی شامل ہے۔ ملک میں صارفین کی فراہمی کے چینلز کو وسعت دی جائے گی، ای کامرس پلیٹ فارمز اور بڑی سپر مارکیٹوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ تھیم پر مبنی شاپنگ فیسٹیول منعقد کیے جاسکیں، جس سے چاندی کی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔

گائیڈ لائن میں بزرگوں کی سمارٹ دیکھ بھال میں نئے کاروباری ماڈلز کو فروغ دینے، بزرگوں کے لئے جدید مصنوعات پر توجہ مرکوز کرنے، جدید سمارٹ ہیلتھ کیئر، ذہین نرسنگ اور ہوم سروس روبوٹس کے استعمال کے ساتھ ساتھ معاون ڈیوائس انڈسٹری کی توسیع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
گائیڈ لائن میں اینٹی ایجنگ انڈسٹری کی ترقی، بڑھاپے سے جڑی بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بائیو ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے اور ابتدائی سکریننگ ٹولز تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔پالیسی دستاویز واضح کرتی ہے کہ ملک میں بزرگوں کے لیے رکاوٹوں سے پاک ماحول کی تعمیر، عمر دوست گھروں کی تزئین و آرائش، اور ایسے منصوبوں کی وکالت کی جائے گی جو بزرگوں میں ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ کرتے ہیں۔مزید برآں، گائیڈ لائن میں مالیاتی اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان سہولیات اور متعلقہ سلور اکانومی منصوبوں کی تعمیر کے لئے حمایت میں اضافہ کریں اور ان اقدامات کے لئے مضبوط حمایت کو یقینی بنائیں.یوں ،ملک میں بزرگوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کو ایک ابھرتی ہوئی صنعت کا درجہ دیا جائے گا جس سے عمر رسیدہ افراد کسی پر بوجھ بننے کی بجائے کارآمد شہری تصور ہوں گے۔

 سلور اکانومی  کا یہ تصور چین میں مضبوط سماجی نظام کا بھی عملی اظہار ہے جس میں بزرگوں کے احترام اور دیکھ بھال کو اولین ترجیح حاصل ہے۔

۔

نوٹ: یہ مصنف کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

۔

 اگرآپ بھی ڈیلی پاکستان کیلئے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو اپنی تحاریر ای میل ایڈریس ’zubair@dailypakistan.com.pk‘ یا واٹس ایپ "03009194327" پر بھیج دیں۔

مزید :

بلاگ -