شتروگھن سنہا نے ابھیشک ایشوریہ کی شادی کی مٹھائی واپس کیوں بھجوائی؟
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ابھیشک بچن اور ایشوریہ رائے کی 2007 میں شادی ہوئی تھی ۔ بالی ووڈ کی دیگر شادیوں کے برعکس یہ انتہائی مختصر تقریب تھی جس میں صرف فیملی ممبرز اور انتہائی قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔ اس کی وجہ امیتابھ بچن کی والدہ کی علالت تھی۔ بچن خاندان نے بالی ووڈ کے لوگوں کو شادی میں تو نہیں بلایا البتہ انہیں کارڈ اور مٹھائی ضرور بھجوائی تھی۔
ایک بار ابھیشک بچن نے کافی ود کرن میں بتایا تھا کہ ان کی دادی کی بیماری کی وجہ سے شادی کو انتہائی پرائیویٹ رکھا گیا۔ جب مٹھائی بھجوائی گئی تو سب لوگوں نے ان کے عذر کو قبول کیا لیکن ایک شخص ایسا تھا جس نے یہ عذر نہیں مانا، یہ شتروگھن سنہا تھے۔ انہوں نے یہ مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔
شترگھن سنہا نے "مڈ ڈے" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وضاحت کی کہ انہوں نے شادی کا کارڈ واپس کیوں کیا۔ انہوں نے کہا "جب بلایا ہی نہیں تو مٹھائی کس بات کی؟ میں دوسرے درجے پر نہیں رکھا جا سکتا اور مٹھائی قبول کر کے انہیں شرمندہ نہیں کرنا چاہتا تھا۔ کم از کم میں یہ توقع کر رہا تھا کہ امیتابھ یا خاندان کے کسی فرد کی جانب سے مجھے فون کر کے مٹھائی بھیجنے سے پہلے اطلاع دی جائے گی۔ جب ایسا نہیں کیا گیا تو مٹھائی بھیجنے کی کیا ضرورت تھی؟"
خیال رہے کہ امیتابھ بچن اور شتروگھن سنہا نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے ۔