وہ وقت جب اداکار سلمان خان نے 3 ماہ کراچی میں قیام کیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے بارے میں یہ بات جان کر زیادہ تر لوگوں کو یقیناََ حیرانی ہوگی کہ وہ کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں 3 ماہ قیام کر چکے ہیں۔
روز نامہ جنگ کے مطابق دراصل سلمان خان کے کچھ عزیز و اقارب کراچی میں مقیم ہیں جن سے ان کے رابطے پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود سیاسی کشیدگی کے باوجود آج بھی برقرار ہیں۔
بھارتی اداکار کے والد سلیم خان کے خداداد کالونی میں مقیم پھوپھی زاد بھائی باری جیلانی نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں انہیں بالی ووڈ کے مشہور گھرانے سے اپنے تعلقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
باری جیلانی نے انٹرویو میں بتایا کہ ہم قیامِ پاکستان کے بعد بھارت کے شہر اندور سے ہجرت کر کے کراچی آئے تھے جبکہ سلیم خان کے دادا اور والد نے بھارت میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ اس وقت اندور پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے۔
انہوں نے سلیم خان کے بھارتی فلم انڈسٹری کا حصّہ بننے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ممبئی کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری کا دوسرا مرکز اندور شہر ہے اور ہمارے بڑے وہاں محکمہ پولیس میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے تو جب بھی وہاں کسی فلم کی شوٹنگ ہوتی تھی تو کئی مشہور اداکار ہمارے پاس ٹھہرا کرتے تھے بس اسی طرح ہمارے خاندان کے لوگ بھارتی فلم انڈسٹری کا حصّہ بنے۔
باری جیلانی نے انکشاف کیا کہ سلمان خان مجھے’باری ماموں‘ کہتے ہیں اور میں 1980ءسے لے کر اب تک 2 بار بھارت کا دورہ کر چکا ہوں اور دونوں بار بھارت میں سلمان خان کے گھر میں ہی ٹھہرا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم سلیم خان اور ان کی پوری فیملی سے آج بھی رابطے میں ہیں۔باری جیلانی کے بیٹے ندیم نے بتایا کہ سلمان خان، ارباز خان، سہیل خان اور ان کی بہن 1980ءکی دہائی میں کراچی آئے تھے اور ہمارے گھر پر 3 ماہ قیام کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ارباز خان یہاں موٹر سائیکل چلاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں 3 ماہ تک کراچی میں رہنا پڑا۔ندیم نے مزید بتایا کہ سلمان خان نے کراچی کے لائٹ ہاوس سے پرانی جینز بھی خریدی تھیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں ممبئی بھی گیا ہوں اور وہاں میں سلمان خان کے گھر ٹھہرا تھا جبکہ کچھ عرصہ پہلے سلمان خان سے میری دبئی میں بھی ملاقات ہوئی تھی اور وہ میری توقع کے برعکس مجھ سے بہت گرم جوشی سے ملے تھے۔