ایل ڈی اے ملازمین کی عید سے پہلے عید ہوگئی، خوشخبری آگئی

ایل ڈی اے ملازمین کی عید سے پہلے عید ہوگئی، خوشخبری آگئی
ایل ڈی اے ملازمین کی عید سے پہلے عید ہوگئی، خوشخبری آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے ایل ڈی اے اربن ڈویلپمنٹ ونگ کے گریڈ16تک کے ملازمین کو 9ہزار روپے عید الاؤنس دینے کی منظوری دے دی ہے جو انہیں آئندہ تنخواہ کے ساتھ ادا کر دیا جائے گا -قبل ازیں گورننگ باڈی کے اجلاس میں ملازمین کے عید الاؤنس میں ایک ہزارروپے اضافہ کر کے چھ ہزار روپے سے سات ہزار روپے کیا گیا۔ تا ہم بعد میں عید کے موقع پرملازمین کی ضروریات کے پیش نظر وائس چیئر مین ذاتی دلچسپی لے کر دیگر ممبران سے مشاورت کر کے عید الاؤنس9ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی -

اجلاس میں شہریوں کی درخواستوں پر عمل درآمد کم سے کم وقت میں یقینی بنانے کے لئے ایل ڈی اے میں ہفتہ وار ایک ہی تعطیل اتوار کے دن برقرار رکھی گئی جبکہ ہفتے کے دن اضافی چھٹی دینے کی تجویز منظور نہیں کی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خود مختار ادارہ ہونے کے باعث ملازمین کو یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کے لئے پیش کئے جانے والے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے نوٹیفکیشن کا ایل ڈی اے ملازمین پر اطلاق ممکن نہیں -

وائس چیئر مین نے تھارٹی کی ہیومن ریسورس کمیٹی کو ہدایت کی کہ یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کے لئے ملازمین کی طرف سے موصول ہونے والی درخواستوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس مقصد کے لئے قابل عمل تجاویز ازسر نو تیار کی جائیں -لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا چوتھا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

اجلاس میں وائس چیئرمین واسا امتیاز محمود‘ارکان صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا‘ قصور سے ملک مختار احمداور شیخوپورہ سے عمر آفتاب کے علاوہ عامر ریاض قریشی اور میجر ریٹائرڈ سید برہان علی‘ سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر ظفر نصر اللہ‘کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیزنے شرکت کی۔