"تمام لوگ بھی چھوڑ جائیں ، جیتے گا وہی جس کو میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ دوں گا" عمران خان کا چیلنج

"تمام لوگ بھی چھوڑ جائیں ، جیتے گا وہی جس کو میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ دوں گا" عمران ...
سورس: Screen Grab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے چیلنج کیا ہے کہ اگر تمام لوگ بھی ان کا ساتھ چھوڑ جائیں پھر بھی وہ جس کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دیں گے وہی الیکشن جیتے گا۔

قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ آج تحریک انصاف کی تقریباَ ساری لیڈر شپ جیل میں ہے اور بدقسمتی سے میڈیا اور انسانی حقوق کی آوازیں خاموش ہیں، تحریک انصاف کیخلاف بدترین بربریت جاری ہے آج دس ہزار سے زائد کارکنان جیلوں میں ہیں، قوم سے کہتا ہوں یہ بُرا وقت ہے اور اللہ کا ایک نظام ہے، اس میں ہمیں صبر کرنا چاہیے، قوموں کی زندگیوں میں مشکل وقت آتے ہیں اس سے  دلبرداشتہ نہیں ہونا، اس طرح کی غلامی اور یزیدیت کو قبول کرنے سے مرجانا بہتر   ہے، یہ گلا دبا کر کہلوا رہے ہیں کہ تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں، جو قوم خوف کے بت کے آگے جھک جائے وہ کبھی آزاد نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں لیڈر شپ کو جو تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، ان پر بہت زیادہ پریشر ہے،  لیکن بالفرض اگر سب بھی چھوڑ دیں تو جس کو میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ دوں گا وہ جیتے گا کیونکہ لوگ فیصلہ کرچکے ہیں۔ سیاسی جماعت اس وقت ختم ہوتی ہے جب اس کا ووٹ بینک ختم ہوتا ہے، پی ڈی ایم کا ووٹ بینک ختم ہوچکا ہے، اس گھوڑے میں جتنی مرضی پھونک بھر لیں جب بھی یہ ریس میں کھڑا ہوگا تو گر جائے گا، آپ تحریک انصاف کو ختم نہیں کرسکتے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہا  آپ کے کپتان کے اندر جب تک خون ہے وہ کھڑا ہے، ہار ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جو یہ کریں گے اس کیلئے تیار ہوں۔

عمران خان نے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کی کہ "معزز ججز صاحبان اللہ جن لوگوں کو ذمہ داری دیتا ہے اُن پر امتحان بھی بڑا ڈالتا ہے، یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ رہی سہی جمہوریت بچائیں، ہمیں اس وقت کوئی اور اُمید نظر نہیں آرہی۔