ایک عرصے کے بعد پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آ گئی، ایک ہی دن میں اربوں کما لیے
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک میں معاشی بحران کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کئی روز سے مندی دیکھی جارہی تھی اور سرمایہ کار بے یقینی کا شکار تھے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ریکارڈ ساز دن رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1556 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 12 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کے اعلان کے بعد جہاں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے وہیں اسٹاک ایکسچینج میں بھی استحکام پیدا ہوا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور کاروبارکے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 39 ہزار 296 کی سطح تک گیا جب کہ کم سے کم 37 ہزار 114 پر رہا۔کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس اپنے ریکارڈ ساز دن کے ساتھ 1556 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 ہزار 271 پر بند ہوا۔شیئرز بازار میں 33 کروڑ حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 52 کروڑ روپے رہی۔