تحصیل کی سطح پر ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ
لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ (DDOsH)کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحصیل کی سطح پر ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم کو ترقی دینے میں اپنا کردار موثر طریقہ سے ادا کرتے ہوئے اپنے زیر اختیار بنیادی مراکز صحت ، دیہی مراکز صحت ، ہیلتھ سینٹرز کو اونر شپ دیتے ہوئے ان شفاء خانوں کی کارکردگی بہتر بنائیں ۔ وزیر صحت نے کہاکہ تحصیل کی سطح پر ڈینگی کی روک تھام ، پولیو اور دیگر بیماریوں کے خلاف پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے DDOsH ’’ماسٹر کی‘‘ کا درجہ رکھتے ہیں ۔انہو ں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس کا نفرنس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی جان خان ، سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل ظہور، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) ڈاکٹر فاروق منظور، ڈائریکٹر IRMNCH پروگرام ڈاکٹر مختار حسین سید ، ڈاکٹر اختر رشید ملک ، ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز ڈاکٹر سعدین ، ڈائریکٹر EPI ڈاکٹر محمد منیر ، ڈائریکٹر پنجاب ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر زاہدہ سرور کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر افسران اور تمام اضلاع کے DDOsHحضرات نے شرکت کی۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ صوبے سے حاملہ خواتین میں تشنج کی بیماری کا خاتمہ ، بچوں کے اسہال کی مہلک بیماری کے علاج کے لئے روٹا وائرس ویکسین متعارف کرانا، ڈینگی پر موثر کنٹرول او رپولیو کے خاتمہ کے لئے کامیاب کوششیں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی اہم کامیابی ہے ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ آج پنجاب کے تمام DHQs,THQs,BHUs ہسپتالوں میں اعلی معیار کی ادویات عوام کے لئے فراہم کی جارہی ہیں جو وزیراعلی محمدشہبازشریف کا مشن ہے ۔خواجہ عمران نذیر نے DDOsH کو ہدایت کی کہ عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں کو میڈیکل کور فراہم کرنے اور چہلم تک تمام مراکز صحت اور دیگر ہیلتھ سینٹرز پر علاج معالجہ کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔