خیبرپختونخوا میں کمزور اور طاقتور سب کے لیے ایک ہی قانون ہے،فضل حکیم 

 خیبرپختونخوا میں کمزور اور طاقتور سب کے لیے ایک ہی قانون ہے،فضل حکیم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل بابوزئی، خصوصاً بائی پاس، فضاگٹ اور سنگوٹہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق جامع انکوائری کی جائے اور جن لوگوں کے تحفظات ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل کا ایک مالک بار بار پریس کانفرنس کر رہا ہے اور یہ مطالبہ کر رہا ہے کہ اسے انصاف دیا جائے۔ اس کے پاس زمین کی رجسٹری، نقشہ اور تمام ریکارڈ موجود ہے۔ان کا مواقف ہے کہ 30 سال سے ہوٹل قائم ہے لیکن اس کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے اور ان کیساتھ انصاف کیا جائے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں انصاف کی حکومت ہے، یہاں کسی کے ساتھ زیادتی نہیںہوگی اور نہ زیادتی کسی کے ساتھ برداشت کی جائے گی۔ جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے چاہے وہ مسلم لیگ سے ہوں یا پی ٹی آئی سے، پہلے مسلم لیگ ن والے ہوٹل مالک سے انکوائری کا آغاز کیا جائے، بعد میں دیگر سے تاکہ اس حوالے سے مزید بات نہ کی جائے اور اگر ضلعی انتظامیہ سوات نے واقعی غلطی کی ہے تو ان کا ازالہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تجاوزات آپریشن کے موقع پر انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر سوات کو ہدایت کی تھی کہ وہ متاثرہ مالکان سے براہ راست ملاقات کریں، پہلے سے بنائی گئی کمیٹی کو اعتماد میں لیں، انہیں وقت دیا جائے اور مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ بیٹھے اور ہوٹل مالکان کے ریونیو ریکارڈ چیک کرے۔ اگر غیر قانونی تجاوزات کی گئی ہیں تو ان کی نشاندہی کی جائے اور وقت دے کر ہوٹل مالکان خود گرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق خیبرپختونخوا میں کمزور اور طاقتور سب کے لیے ایک ہی قانون ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کا ایک شخص آ کر فلمی ہیرو کی طرح چشمے لگا کر دعویٰ کرتا ہے کہ یہ سب کچھ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر کے حکم پر ہوا ہے۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر اس کی بات درست ثابت ہوئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، ورنہ وہ سیاست چھوڑے۔ کسی کو بھی اپنی سیاست چمکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عدل و انصاف پر یقین رکھتی ہے اور ہمارا ویژن ریاست مدینہ کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات اور خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ عظیم قربانیاں دی ہیں اور وہ اس دھرتی کے امن کے حقیقی محافظ ہیں۔ کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرے۔ صوبائی وزیر نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے حوالے سے بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جا سکے۔