کورونا کا پھیلاو احتیاط سےروکناممکن ، فلاحی تنظیمیں اور مخیر حضرات سفید پوش طبقے کی بھرپور مدد کریں:فرخ جاوید بیگ

کورونا کا پھیلاو احتیاط سےروکناممکن ، فلاحی تنظیمیں اور مخیر حضرات سفید پوش ...
کورونا کا پھیلاو احتیاط سےروکناممکن ، فلاحی تنظیمیں اور مخیر حضرات سفید پوش طبقے کی بھرپور مدد کریں:فرخ جاوید بیگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیوجرسی(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف سماجی رہنما اور فلسطین ،ترکی اور پاکستان میں فلاحی کاموں سے شہرت پانے والی تنظیم ’گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ‘کے چیئرمین فرخ جاوید بیگ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا میں ہلچل مچا رکھی ہے،امریکہ اور یورپ میں شہری کورونا ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس عالمی وبائی مرض کا مقابلہ کر رہے ہیں تاہم بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان میں لوگ کورونا کی تیسری لہر کو بھی تاحال سنجیدہ نہیں لے رہے،مارکیٹوں،گنجان آباد محلوں اور گلیوں بازاروں میں عام دنوں جیسا رش دیکھنے میں آ رہا ہے،جب تک لوگ شعور کا مظاہرہ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے کورونا مزید پھیلتا جائے گا ،فلاحی تنظیمیں اور مخیر حضرات ان مشکل حالات میں آگے بڑھیں اور سفید پوش طبقے کی جس حد تک ممکن ہو مدد کریں ۔
لاہور میں ’گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ‘کی میڈیا ٹیم سےویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے فرخ جاوید بیگ نے کہا کہ کسی بھی وبائی مرض سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائی جاتی ہیں ،دین اسلام اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنایا جائے تو اس موذی مرض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے،نبی کریم ﷺنے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے ،ہم پاکیزگی اور صفائی اختیار کرتے ہوئے بھی کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں ،کورونا نے انڈیا جیسے بڑے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے،پاکستانی عوام کو ان حالات میں اللہ کی طرف رجوع کرنا ہو گا ،اپنے گناہوں کی سچے دل سے توبہ طلب کرتے ہوئے ایثار ،ہمدردی اور قربانی کا جذبہ بیدار کرنا ہو گا ،ماہ صیام تیزی سے گذر رہا ہے،اس ماہ مقدس میں جس قدر ممکن ہو ہمیں نیکی کے کاموں میں آگے بڑھنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہسپتال بھر چکے ہیں ، ’گلزار مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ‘کی ٹیمیں گذشتہ دوسال سے لاہور کے تین بڑے ہسپتالوں میں مفت کھانا تقسیم کر رہی ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ ماہ رمضان میں افطاری و سحری کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک کھانا پہنچا سکیں ۔فرخ جاوید بیگ نے کہا کہ اللہ نے ہمیں توفیق دی ہے اور ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ماہ مقدس میں ہماری ٹیمیں قبلہ اول بیت المقدس میں بھی سینکڑوں افراد کو سحری و افطاری کروانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں جبکہ پاکستان ،فلسطین اور ترکی میں ہزاروں افراد تک ہم نے راشن پیکج تقسیم کئے ہیں اور تاحال اس کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کمزور اور پسے ہوئے طبقے کی مدد اور دلجوئی کرنا ہم سب کا فرض ہے،ہماری ٹیمیں صرف مفت کھانا اور راشن بیگز ہی تقسیم نہیں کر رہیں بلکہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے سفید پوش افراد اور خواتین جو کسی کے سامنے دست سوال دراز نہیں کرتے ،ان کی عزت نفس مجروح کئے بغیر انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے جس حد تک ممکن ہو مدد فراہم کریں ،اسلام حقوق اللہ اور حقوق العباد کا حسین امتزاج ہے، وہ اپنے ماننے والوں سے اس امر کا تقاضا کر تا ہے کہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی بہت ضروری ہے، قرآن مجید نے ایسے نمازیوں کےلئےہلاکت کی وعید سنائی ہے جو نماز کو رکوع وسجود تک محدود رکھتے ہیں اور انسانیت کو دکھوں سے نجات نہیں دلاتے ۔