ڈی سی بھکرکے گندم خریداری مراکز پر چھاپے، نامناسب انتظامات پرانتظامیہ کی سرزنش ، عوامی شکایات پر افسروں کے تبادلے
لاہور(جاوید اقبال سے )ضلع بھکر کے ڈپٹی کمشنرڈاکٹر نور محمد اعوان نے مختلف گندم خریداری مراکز پر چھاپے مارے خریداری مراکز پر کسانوں کے لیے قیام گاہو ں پر نامناسب انتظامات پر مارکیٹ کمیٹیوں کی انتظامیہ کی سرزنش کی ،کئی افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کئی کے تبادلے کر دیئے جبکہ جنگی بنیادوں پر انتظامات درست کرنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عید کےدوسرے روز ڈپٹی کمشنر نے پورے ضلع کے طوفانی دورے کیے گندم خریداری مراکز کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ملنے والی شکایات کے ازالے کے لئے مختلف مقامات پر پہنچ گئے جکھڑ بائی پاس ہر اپنی نگرانی میں بند سیوریج صاف کروایا، ڈپٹی کمشنر کو لوگ موقع پرموجود دیکھ کر حیرانرہ گئے۔ لوگوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی ڈپٹی کمشنر ایسے پسماندہ علاقے میں دورے کے لیے آیا ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلع بھکر کے سب سے بڑے گندم خریداری مرکز پر چھاپہ مارا ڈی سی نے گندم کی نمی آلات کی مدد سے چیک کی گندم کا معیار اور تول بھی چیک کیا اور مزدوروں اور کسانوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر مزدوروں نے شکایت کی کہ انہیں فی بوری اجرت16 روپے دی جا رہی ہے جبکہ دیگر مقامات پر 20 روپے دیئے جارہے ہیں جس کا ڈپٹی کمشنرنے موقع پر نوٹس لیتے ہوئے انہیں اجرت دیگر سنٹرز کے مطابق دینے کا حکم جاری کیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے ارکان اور سینٹر کے انچارج کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر کسانوں کے قیام کے لیے بنائے گئے سینٹر پر ٹھنڈے پانی کا انتظام کریں پنکھے لگائیں ورنہ سخت ایکشن ہوگا۔ احکامات جاری کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر خریداری مرکز نوتک پہنچے جہاں انہوں نے ناپ تول ٹیکنیکل طریقے سے چیک کیا گندم کی بوری کے ویٹ اور معیار کا بھی معائنہ کیا گیا اس سنٹر پر کر گندم کی نمی کا مال پورا نہ ہونے پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور خریداری مرکز کے انچارج کو طلب کرلیا ۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں کی حاضری چیک کی اس موقع پر انہوں نے روزنامہ "پاکستان" سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری کے ہدف کو ہر صورت پورا کریں گے اور کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے۔ گندم کی خریداری شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے اور اس کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے پر کیورمنٹ کمیٹی بھی بنائی گئی ہے پٹواری سے لے کر ڈپٹی کمشنر تک تمام افسر فیلڈ میں ہیں اور اس کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر نور محمد نے کہا کہ مڈل مین کی کمر توڑ دی گئی ہے کھیت سے منڈی تک کسان کو خریداری کا مرحلے میں آسانیاں دی گئی ہیں صرف ضلع بھکر میں 13 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف ہر حال میں پورا کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر کا پرسنل نمبر خریداری مراکز کے باہر آویزاں کر دیا گیا ہے تاکہ کسی کو کوئی شکایت ہو تو رابطہ کر سکے۔