دھاندلی کے خلاف گواہی دینے والوں کو تحفظ ملے گا: عمران خان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف جو لوگ بھی گواہی دینا چاہتے ہیں، انہیں مکمل تحفظ دیا جائے گا۔پی ٹی آئی سربراہ نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2013ءکے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف گواہی دینے والے افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کا استعفیٰ اب لازمی ہو گیا ہے۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے معاملے پر ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی گواہی نہایت خوش آئند پیش رفت ہے۔یاد رہے کہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ 2013ءکے انتخابات میں دھاندلی میں دو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور تصدق حسین جیلانی بھی ملوث ہیں: الیکشن 2013ءمیں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے آنکھیں بند کرلی تھیں۔انٹرویو میں سابق ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن افضل خان کا کہنا تھا کہ انتہائی منظم طریقے سے الیکشن میں کرپشن کی گئی، ریٹرننگ افسران کو الیکشن کمیشن کے بجائے افتخار چوہدری نے تعینات کیا اوردھاندلی کی شکایات کے کیسز کو جان بوجھ کر طوالت دی گئی۔