چیئرمین واپڈا کی زیرصدارت اجلاس‘ بلوچستان میں منصوبوں بارے پیش رفت کا جائزہ

چیئرمین واپڈا کی زیرصدارت اجلاس‘ بلوچستان میں منصوبوں بارے پیش رفت کا جائزہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ)نے کوئٹہ میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کی اور صوبہ بلوچستان میں واپڈا کے منصوبوں کے بارے میں پیش رفت کا جائزہ لیا ۔اجلاس سے خطاب کے دوران چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کی ضروریات کے پیش نظر واپڈا اِس امر کے لئے بھر پور کوشش کر رہا ہے ، صوبے میں مختلف ڈیمز پر جتنی جلد ممکن ہوسکے تعمیراتی کام شروع کیا جائے ۔اِن منصوبوں میں نو لانگ ڈیم ، ہنگول ڈیم ، بادین زئی ڈیم اورسُکلیجی ڈیم شامل ہیں ۔ چیف انجینئر (ویسٹ ) واپڈا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نو لانگ ڈیم تعمیراتی کام کے لئے دستیاب ہے اور اِس منصوبے کی فنڈنگ کے لئے حکومت پاکستان کے ذریعے ایشیائی ترقیاتی بنک سے بات چیت جاری ہے۔ جبکہ باقی تینوں ڈیمز یعنی ہنگول ڈیم ، بادین زئی ڈیم اورسُکلیجی ڈیم ابھی پلاننگ کے مراحل میں ہیں اور اِن منصوبوں کے پی سی II- منظوری کے لئے بھجوائے جاچکے ہیں ۔ اجلاس کے دوران 10 سال قبل مکمل ہونے والے میرانی ڈیم کی بلوچستان حکومت کو حوالگی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی ۔علاوہ ازیں چیئرمین واپڈا نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ہیڈ کوارٹرز اور واپڈا ہسپتال کوئٹہ کا بھی دورہ کیا ۔کیسکو ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ کے دوران چیف انجینئر (پلاننگ ) کیسکو نے چیئرمین واپڈا کوکیسکو کی کارکردگی ، پاور سسٹم اور بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے لئے کیسکو کے مختلف منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویل کنکشنوں پر دی جانے والی سبسڈی دسمبر 2016 ء میں ختم ہو چکی ہے اور اب تک زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ذمہ سبسڈی کی مد میں 31 ارب روپے واجب الادا ہو چکے ہیں ۔ اِس بڑی رقم کی وجہ سے کیسکو کی مالی پوزیشن بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔واپڈا ہسپتال کوئٹہ کے دورے پر چیئرمین واپڈا نے ہسپتال میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کے ذریعے واپڈا اور پاور سیکٹر کے ملازمین کو صحت کی جدید سہولیات مہیا کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اگر چہ واپڈا کا پورے ملک میں ہیلتھ کیئر کا بہت اچھا نظام موجود ہے تاہم موجودہ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ علاج معالجہ کی سہولیات کو اَپ گریڈ کیا جائے ۔ علاوہ ازیں واپڈا ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لئے واپڈا میڈیکل کالج بھی قائم کیا جارہا ہے ۔

مزید :

کامرس -