فتنہ پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے:عظمیٰ بخاری
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ اور ہمشیرہ پھانسی سے متعلق پراپیگنڈا کررہی ہیں۔علیمہ خان اور رؤف حسن کی واٹس ایپ چیٹ پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مذہب کارڈ اور غداری کارڈ کے بعد پیش خدمت ہے مظلومیت کارڈ، بھابھی اور نند کے اختلافات فتنہ پارٹی کے واٹس ایپ گروپس میں موضوع بحث بن رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھابھی اور نند میں پارٹی پر قبضے کی جنگ چل رہی ہے، فتنہ پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے پراپیگنڈوں سے اب کچھ بھی بعید نہیں، ”کریمنالوجی یونیورسٹی آف بنی گالہ“ کا پرنسپل آج مظلوم بن کر عوام سے ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل سے نکلنے کیلئے کبھی فوج سے معافیاں تو کبھی برطانوی وزیراعظم سے اپیلیں کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی ایک ہفتے مولا جٹ بنتے ہیں اگلے ہفتے "معصوم پرندہ" بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے تومخالفین کو پھانسی پر لٹکانے کی فہرستیں تیار کرتے تھے، آج ان کی اپنی بیوی اور بہن پھانسی سے متعلق پراپیگنڈ ے کر رہی ہیں۔لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اقتدار میں تھے تو مخالفین کو دیوار میں چنوا دینے کے پلان بناتے رہے، اب دونوں میاں بیوی جیل کی دیواروں کے سائے سے بھی ڈرنے لگے ہیں۔
عظمیٰ بخاری