علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان لڑائی نکاح کے فوراً بعد سے جاری ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان لڑائی نکاح کے فوراً بعد سے جاری ہے، نند بھاوج میں زمان پارک کے گھر پر قبضے کے بعد پارٹی پر قبضے کی لڑائی چل رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان لڑائی نکاح کے فوراً بعد سے جاری ہے، بیرسٹر صاحب آپ تین میں ہیں نہ 13 میں، آپ کو بشریٰ بیگم جانتی ہے نہ ہی علیمہ خان۔ بیرسٹر صاحب آپ کو یاد ہے نون میں سے شین نکالنے والا ایک بازی گر 40 دن کا چلہ بھی کاٹ چکا ہے۔ آپ اپنے جعلی مولا جٹ وزیراعلیٰ کی پرفارمنس قوم کو بتائیں، علی امین گنڈاپور ٹی وی سکرینوں پر بغلیں بجاتے بند کمروں میں پاوں پکڑتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست کو سمجھنے کیلئے آپ کو دوبارہ جنم لینا پڑے گا، دونوں آج پاکستان پر حکومت کر رہے ہیں، آپ کے ظل تباہی جیل میں پستے بادام کھا رہے ہیں۔