پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹ سے کیش پیسے نکلوا کرپرائیویٹ کمپنی کومنتقل کیے گئے،رکن قومی اسمبلی شہلا رضاکا الزام

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹ سے کیش پیسے نکلوا کرپرائیویٹ کمپنی کومنتقل ...
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اکاؤنٹ سے کیش پیسے نکلوا کرپرائیویٹ کمپنی کومنتقل کیے گئے،رکن قومی اسمبلی شہلا رضاکا الزام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ثناءاللہ مستی خیل کی زیر صدارت ہوا ، جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن  کی مالی بےضابطگیوں، کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنسز کی عدم ادائیگی کا جائزہ لیا گیا، طلبی پر صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد، کپتان عماد بٹ، سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی اجلاس میں شریک ہوئے۔

’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق دوران اجلاس رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران پر سنگین الزامات عائد کردیئے۔کہا پی ایچ ایف کے اکاؤنٹ سے کیش پیسے نکلوائے گئے اور آصف باجوہ کے برادر نسبتی کی کمپنی میں پیسے گئے، یہ ساری فائلیں ہمارے پاس موجود ہیں تو سپورٹس بورڈ کے پاس کیوں نہیں۔ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد کی تعیناتی بھی غیر آئینی ہے میں یہ ثابت کرسکتی ہوں۔

شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان 17 ویں یا 18 ویں نمبر کی ٹیموں سے جیت کر 15 ویں نمبر پر آئی ہے اور ٹاپ ٹین والی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کرنے جارہی ہے۔ کمیٹی کی رکن مہرین رزاق بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے میرٹ پر کوالیفائی نہیں کیا، ہم نیوزی لینڈ کی خیرات میں چھوڑی ہوئی جگہ پر کھیلنے جارہے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جس نے ہاکی فیڈریشن کا ایک روپیہ بھی کھایا ہے میں وہ واپس لوں گا، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ایک طرف کہا جارہا ہے کہ مالی بدعنوانی ہوئی دوسری طرف سے کہا جارہا ہے مالی بدعنوانی نہیں ہوئی، ہاکی فیڈریشن کا خصوصی آڈٹ کرایا جائے۔

رانا مجاہد نے کہا کہ پرو لیگ بہت بڑا ایونٹ ہے، اس میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے کہا کہ پرو لیگ میں شرکت کے لیے 35 کڑوڑ روپے درکار ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شرکت کرے گی۔ 25 کروڑ وزارت خزانہ دے گی اور 10 کروڑ روپے سپانسر شپ کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔

 سیکٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے کہا کہ میں نے 10 سال قومی ہاکی ٹیم کی خدمت کی ہے، میں  ورلڈ چیمپئن ٹیم کا حصہ بھی رہا ہوں ، میرا ایک طویل کیرئیر ہے، اس کے بعد میں یہاں بطور سیکرٹری جنرل تعینات ہوا ہوں، ہمارے پاس کوئی اثاثے نہیں ہیں جس سے ہم ریونیو جنریٹ کر سکیں۔

 صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ ہمیں 2 سال قبل تک پاکستان سپورٹس بورڈ 35 لاکھ ماہانہ دیا کرتا تھا ، جو اب نہیں دے رہا، ہمیں 3 کروڑ انوار الحق کاکڑ نے گرانٹ دی پھر 2024 میں وزیراعظم شہباز شریف نے 5 کروڑ گرانٹ دی، 1  کروڑ 30 لاکھ فیلڈ مارشل کی جانب سے دیا گیا۔

رانا مجاہد نے کہا کہ نومبر یا فروری میں قومی ہاکی لیگ کے انعقاد کا سوچ رہے ہیں، ہاکی فیڈریشن کا پیٹرن ان چیف وزیر اعظم ہے، ہاکی فیڈریشن کے صدر کو وزیر اعظم تعینات کرتا ہے۔

 قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر ذیلی کمیٹی دوبارہ تشکیل دے دی، شیخ آفتاب احمد کو ذیلی کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ارکان میں خواجہ اظہار، سیدہ شہلا رضا، یوسف خان، انجم عقیل، رسول بخش خان، سید وسیم قادر، مہرین رزاق بھٹو ذیلی کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔

کمیٹی وزارت قانون، اٹارنی جنرل، وزارت آئی پی سی سے معاونت لے گی، پی ایچ ایف صدر طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد کمیٹی کو مالی معاملات پر بریفنگ دیں گے، ذیلی کمیٹی 30 روز میں قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔ ذیلی کمیٹی فیڈریشن کی باڈی کی قانونی حیثیت، مالی معاملات کا جائزہ لے گی۔

سیکرٹری پی ایچ ایف نے کمیٹی ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ نگران وزیراعظم نے طارق بگٹی کو فیڈریشن کا صدر نامزد کیا تھا۔ چیئرمین کمیٹی ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے پاس یہ اختیار نہیں تھا، نگران وزیراعظم کے پاس صرف ڈے ٹو ڈے اختیار تھا۔

چیئرمین کمیٹی نے طارق بگٹی کی نامزدگی قانونی یا غیرقانونی ہونے سے متعلق اٹارنی جنرل، سیکرٹری قانون سے  رائے مانگ لی۔ کمیٹی نے نگران وزیراعظم کے اختیارات کا معاملہ وزارت قانون کو بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

چیئرمین نے کہا کہ قانونی رائے کی روشنی میں کمیٹی فیصلہ کرے گی، اگر دونوں اداروں نے اقدام غیر آئینی قرار دیا تو صدر پی ایچ ایف کو فوراً عہدہ چھوڑنا ہوگا۔ کمیٹی کے  آئندہ اجلاس میں رانا ثناء اللہ نے شرکت نہیں کی تو اجلاس نہیں ہوگا۔

پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی اور سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے 3 کروڑ، وزیراعظم  شہباز شریف نے 6 کروڑ گرانٹ دی، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے 1 کروڑ 30 لاکھ کےفنڈز دیئے، ہم فوج کے تعاون سے پہلی پاکستان ہاکی لیگ کروانے جا رہے ہیں۔پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کے لئے ونڈو نہیں مل رہی۔