وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کاچارسدہ حملہ ناکام بنانے والی پولیس پارٹی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے چارسدہ حملہ ناکام بنانے والی پولیس پارٹی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے اور انہیں تنگی کورٹس میں داخل ہونے سے روکنے والے بہادر پولیس اہلکاروں کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے بھی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ تنگی کورٹس پر گزشتہ دنوں تین خود کش حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا تھا۔ ایک حملہ آور کو جب پولیس اہلکار نے تلاشی کیلئے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دیگر دو حملہ آوروں کو پولیس نے 15 منٹ تک روکے رکھا اور انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس حملے میں 7 افراد شہید ہوئے تھے۔