پاکستان کی معاشی ترقی 6 سال بعد 4 فیصد بڑھ گئی: اسحاق ڈار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی 6 سال بعد 4 فیصد سے بڑھ گئی، بیرون ملک پاکستانیوں کی رقوم آنے سے خسارے میں کمی آئی۔ تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے بینکوں کے صدور سے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مالی سال 2013-14 میں معاشی ترقی 4.1 فیصد رہی جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی بھیجی جانے والی رقوم میں 14سے 15 فیصد اضافہ ہوا جس سے خسارے میں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افراط زر گزشتہ 11 سال کے مقابلے میں کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کا اہم مسئلہ مالیاتی خسارے پر قابو پانا ہے، حکومت نے ایسی پالیسیاں تشکیل دی ہیں جن پر عملدرآمد سے خسارے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔