ای سی ایل میں شامل نام 180 دن بعد خودبخود ختم ہو جاتا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا ہے کہ ای سی ایل میں شامل نام 180 دن بعد خودبخود ختم ہو جاتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ای سی ایل کیلئے رولز بنانے کے معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے عدالت کو بتایا کہ ای سی ایل کیلئے رولز بنانا فیڈریشن کا استحقاق ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو مزید بتایا کہ اگر کسی کا ای سی ایل میں نام ہے تو 180 دن بعد خودکار انداز میں ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اتھارٹی جس کی سفارش پر نام ڈالا گیا ہو، وہ مزید توسیع کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتی ہے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے ای سی ایل کیلئے رولز بنانے سے متعلق کیس نمٹا دیا۔