ایک اور شکست، ایک موقع باقی!

ایک اور شکست، ایک موقع باقی!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کروڑوں پاکستانیوں اور گرین شرٹس کے دنیا بھر میں حامیوں کے دل ٹوٹ گئے، دوبئی میں ایشیائی کرکٹ چیمپئن شپ کے لئے ہونے والے میچوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم ازلی حریف بھارت سے دوسرا میچ بھی ہار گئی اور اب اس کے لئے صرف ایک اور آخری موقع رہ گیا کہ بدھ کو بنگلہ دیش سے میچ جیت کر فائنل میں ایک مرتبہ پھر بھارت کا مقابلہ کرے کہ بھارتی ٹیم تو فائنل میں پہنچ گئی ہے، وہ آج (منگل) افغانستان کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی جو دونوں میچ ہار کر فائنل کی دوڑ سے باہر ہے۔کھیل، کھیل ہے، اسے حرز جاں نہیں بنانا چاہئے اور یہ بھی طے ہے کہ جو بہتر کھیلے وہ جیت بھی جاتا ہے، شکست کو خوش دلی سے قبول بھی کرنا چاہئے، تاہم سوال ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ دل ناتواں مقابلہ تو کرے، دکھ تو یہ ہے کہ شاہین یکطرفہ طور پر میچ کھوکر شرمندہ بھی نہیں ہیں، ورنہ اب تک کپتان اور ہیڈ(چیف) کوچ مستعفی ہوچکے ہوتے، کہ پہلے میچ میں بھی مقابلہ نہیں کرپائے اور اس میں بھی بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی مات کھا گئے۔سوال یہ ہے کہ اتنی بری کارکردگی اور کپتان سرفراز احمد کی بدحواسی کے باوجود ان کا ٹیم کی قیادت پر رہنا ’’چہ معنی دارد‘‘ سرفراز پر قدرت اتنی مہربان کہ اب بھی نئے چیف (کرکٹ بورڈ) احسان مانی نے بھی کہہ دیا ہے کہ سرفراز تو اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ تک کے لئے کپتان ہے، ماشاء اللہ اس کپتان کی قیادت اور خود اپنی کارکردگی جیسی رہی ویسی اگر شعیب ملک جیسے سینئر کھلاڑی کی ہوتی تو کب کا باہر بٹھا دیا جاتا جیسے کامران اکمل کو بہترین کارکردگی کے باوجود موقع نہیں ملتا کہ وہ وکٹ کیپر ہے اور یہاں کپتان خود وکٹ کیپر ہے اور تینوں فارمیٹ کا کپتان ہے۔کارکردگی کو دیکھتے ہوئے خدشہ ہے کہ آئندہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی سیریز میں بھی شاہینوں کا براحال ہوگا کہ بھارتی ٹیم نے پرکتر دیئے ہیں دعا ہے کہ کل (بدھ) یہ ٹیم، بنگلہ دیش سے جیت جائے اور ایک مرتبہ فائنل میں بھارتی حریف ٹیم سے پنجہ آزما ہو اور قسمت آزمائے، ویسے مکی آرتھر اور سرفراز احمد سے تو خیر کی توقع نہیں ایسی بری کارکردگی تو بنگلہ دیش سے بھی ہرادے گی اور پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگا۔

مزید :

رائے -اداریہ -