جہاد اور شہادت کے جذبے سے اسلام آباد میں اتنے لوگ جمع کریں گے کہ لوگ انقلاب ایران بھول جائیں گے:مولانا عطاء الرحمن
بونیر(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ف کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ ہم ملین مارچ کے حوالے سے کامیاب پروگرامات کرچکے ہیں،اب اکتوبر میں ضرور آزادی مارچ کیا جائیگا، جہاد اور شہادت کے جذبے سے اسلام آباد میں اتنے لوگ جمع کریں گے کہ لوگ انقلاب ایران بھول جائیں گے۔
بونیر میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ہم اور دیگر جماعتوں کیساتھ مشاورت کے بعد 15سے 30اکتوبر تک آزادی مارچ کاا علان کریں گے،اگراسلام آباد جانے والے کارکنوں کا راستہ روکا گیا تو اسی جگہ پر دمادم مست قلندر ہوگا، ناقص حکومت کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہوتا جارہا ہے،آزادی مارچ کا مقصد اس ملک کے عوام کو اس ناقص حکومت اور اسٹبلشمنٹ کے مسلط فیصلوں سے آزاد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ کو عوام اور ملک کے مفاد کیلئے نہیں بلکہ کشمیر بیچنے گئے تھے،کشمیر کے مسئلہ پر بھارت اور پاکستان میں کھبی جنگ نہیں ہوگی کیونکہ خرید وفروخت میں کسی کا جھگڑا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اس حکمرانوں نے جو نیب کا ادارہ بنایا ہے یہ صرف ایک سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا ہے اگر ہم پر ایسا کوئی کیس بنایا گیا تو ہم اس کو ماننے اور پیش ہونے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں کیونکہ کرپشن کے حوالے سے اگر ہم کو گرفتار کرنا تھا یا کوئی الزام تھا تو پچھلے 6سال سے ان کی حکومت ہے، اگر ان میں کوئی جرأت ہے تو گرفتار کر لیں،کل کوہاٹ میں ہمارے دو بندے گرفتار کئے گئے ہیں وہ بھی چندہ جمع کرنے کے نام پر ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے دھرنا ختم کرنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، یہ سب افواہیں ہیں اور نہ ہی ہم دھرنا ختم کرنے کیلئے تیار ہوسکتے ہیں،اسلام آباد میں دھرنا اس وقت تک جاری رہیگا جب تک یہ نااہل حکمران مستعفی نہ ہو ں ۔