دنیا میں بیانیہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت بیانیہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے، نوجوان نسل کا مستقبل ڈیجیٹل سے وابستہ ہے، سابقہ ادوار میں ریاستی میڈیا کو پارٹی بیانیہ کے لئے استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا ریاست کے ڈیجیٹل میڈیا سے زیادہ مضبوط تھا، ریاستی میڈیا ادارے ریاست کے بیانیہ کو پیش کرنے میں بری طرح ناکام تھے، وزیراعظم عمران خان میڈیا کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، وزیراعظم نے 2017میں ہی واضح کر دیا تھا کہ مستقبل ڈیجیٹل سے وابستہ ہے، ہم نے 2018میں ریفارمز کا آغاز کیا، ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کو ٹرانسفارم کرنے کا باعث بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈیجیٹل میڈیا ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ 2016سے پاکستان تحریک انصاف میں ڈیجیٹل میڈیا کو دیکھ رہے تھے، پاکستان تحریک انصاف کا ڈیجیٹل میڈیا ریاست کے ڈیجیٹل میڈیا سے زیادہ مضبوط تھا، گزشتہ حکومتوں نے وزارت اطلاعات کو پارٹی کا ترجمان بنا رکھا تھا جس میں ریاستی بیانیہ کی بجائے پارٹی کے بیانیہ کو تقویت دی گئی، پی ٹی وی، اے پی پی اور پی آئی ڈی تباہی کی جانب گامزن تھے، ہیومن ریسورس کی صورتحال ابتر تھی، صرف پی آئی ڈی کراچی میں 62 افراد کے اسٹاف میں سے ایک ایم اے، تین بی اے اور باقی تمام افراد میٹرک تعلیم کے حامل تھے، اے پی پی، ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے اربوں روپے کے بجٹ ہیں لیکن وہ ریاست کے بیانیہ کو پیش کرنے میں بری طرح ناکام تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جس طریقے سے نظام قائم کیا تھا، ہم اس پر جانا چاہتے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے 2017میں ہی واضح کر دیا تھا کہ مستقبل ڈیجیٹل سے وابستہ ہے، ہم نے 2018میں ریفارمز کا آغاز کیا، 2020میں ڈیجیٹل میڈیا ونگ بنایا، پی ٹی وی کو ایچ ڈی کیا، اے پی پی کو ڈیجیٹل نیوز ایجنسی بنایا، آج ریڈیو پاکستان کی ایپلی کیشن بہترین ایپس میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے سے پہلے ہمارے حکمرانوں کو پبلک ڈپلومیسی کی اہمیت کا خیال نہیں تھا جبکہ وزیراعظم عمران خان میڈیا کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ صرف رواں ہفتے وزیراعظم کی مصروفیات کو دیکھا جائے تو دنیا بھر کے میڈیا میں وزیراعظم کا انٹرویو گیا ہے۔ جتنا وقت وزیراعظم میڈیا میں دے رہے ہیں اتنا شاید ہی اس سے قبل کسی حکمران نے دیا ہو۔
فواد چوہدری