’نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر شہباز شریف سے مشورہ نہیں کریں گے، آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں‘

’نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر شہباز شریف سے مشورہ نہیں کریں گے، آج نواز ...
’نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر شہباز شریف سے مشورہ نہیں کریں گے، آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں‘
سورس: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جہلم (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب کے ملزم ہیں اس لیے ان سے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر مشاورت نہیں کی جائے گی، آج نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے۔ شہبازشریف نیب کے ملزم ہیں، کیا ہم چورسے پوچھیں گے کہ آپ کا تفتیشی کون ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اشرف غنی اپنے ملکوں کا پیسہ لوٹ کر باہر گئے، ایک دبئی اور دوسرا لندن میں بیٹھا ہے۔ آج نواز شریف اشرف غنی جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نریندرا مودی کو للکارا اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا، کلبھوشن یادیو کو گرفتارکیا تو نوازشریف نے کہا کمنٹ نہیں کرونگا، وزیراعظم ہرمعاملے میں عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔ عمران خان کی صورت میں وفاق کوجوڑنے والا لیڈرسامنے آیا ہے۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے پاکستان کا وقاربلند کرنے والا ملک میں وزیراعظم ہے۔