منصفانہ اقتصادی نظام کے قیام کیلئے فیصلہ کن اصلاحات کی ضرورت: اسحاق ڈار

  منصفانہ اقتصادی نظام کے قیام کیلئے فیصلہ کن اصلاحات کی ضرورت: اسحاق ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            نیویارک(آن لائن) نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے ”پائیدار، جامع اور لچکدار عالمی معیشت کے لیے پہلے دو سالہ سربراہی اجلاس“ میں شرکت کی اور اس موقع پر عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے اس اجلاس میں اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی مالیاتی ڈھانچہ نہ صرف ترقی پذیر ممالک کے لیے مشکلات کا سبب بن رہا ہے بلکہ اس نے عالمی سطح پر عدم مساوات کو بھی فروغ دیا ہے۔اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی بحران اور ترقی پذیر ممالک میں بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کا ذکر کیا اور ان ممالک کے لیے عالمی سطح پر مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی تذکرہ کیا کہ ترقی پذیر ممالک کو ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے، جس سے ان کی اقتصادی ترقی مزید متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے مالیاتی خلا کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کی تکمیل کے لیے مالی وسائل میں خاطر خواہ اضافہ ضروری ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک اپنے معاشی اور ماحولیاتی بحرانوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔اسحاق ڈار نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ قرضوں کے بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی اور ماحولیاتی مالیات میں اضافے کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے عالمی سطح پر جامع اور منصفانہ اقتصادی نظام کے قیام کے لیے فیصلہ کن اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اسحاق ڈار کے مطابق، اس نوعیت کی اصلاحات ترقی پذیر ممالک کو عالمی مالیاتی ڈھانچے میں بہتر حصہ داری فراہم کریں گی اور ان کے لیے اقتصادی ترقی کے امکانات کھولیں گی۔نائب وزیراعظم نے مزید کہاکہ موجودہ عالمی مالیاتی ڈھانچہ ترقی پذیر ممالک کے لیے غیر منصفانہ ہے اور انہیں اقتصادی بحرانوں کا سامنا ہے،پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں عالمی مالیاتی نظام میں بنیادی اصلاحات لانے کی ضرورت ہے،قرضوں کے بحران کو حل کرنے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔اس خطاب کے دوران اسحاق ڈار نے عالمی اقتصادی نظام کی اصلاحات کو ایک اہم قدم قرار دیا، جو نہ صرف ترقی پذیر ممالک کے مفاد میں ہو گا بلکہ عالمی معیشت کی پائیداری اور استحکام کے لیے بھی ضروری ہے۔

اسحاق ڈار

مزید :

صفحہ اول -