شہداءکی قربانیاں نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں : ڈاکٹر رضیہ سلطانہ
مردان(بیورو رپورٹ)ویمن یونیورسٹی مردان کے مین کیمپس میں یومِ دفاع پاکستان عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں 1965ءکی جنگ کے شہداءاور غازیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کرنا تتھا تقریب کا عنوان ''قربانی اور بہادری'' رکھا گیا، جس میں اساتذہ، عملہ اور دو سو سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے جبکہ اردو و انگریزی تقریری مقابلوں میں 1965ءکی جنگ سے حاصل اسباق اور قومی سلامتی کے موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ پوسٹر مقابلے میں فن پاروں کے ذریعے شہداءکی قربانیوں اور وطن سے محبت کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔تقریب کو کامیاب بنانے میں اساتذہ کی ٹیم—ڈاکٹر حسیبہ بشیر، ڈاکٹر نیلوفر اکرام، ڈاکٹر روبینہ رشید، مس انفال آفریدی، مس رانی زین، مس سارہ خان، مس حلیمہ اکرام (ڈائریکٹر او آر آئی سی) اور مسٹر فضل معیز—نے اہم کردار ادا کیا۔مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے شہداءکی قربانیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ خدمت، ایمانداری اور استقامت کے جذبے کو اپنا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ قوم اپنے شہداءکو ہمیشہ یاد رکھے گی اور نئی نسل وطن کے دفاع اور استحکام کے لیے ہر شعبہ? زندگی میں فعال کردار ادا کرے گی۔