گومل یونیورسٹی میں الائیڈ فیکلٹی تیسرے روز بھی بند ، احتجاجی دھرنا جاری
ڈیرہ اسماعیل خا ن (بیورورپورٹ) گومل یونیورسٹی میں الائیڈ فیکلٹی تیسرے روز بھی بند ،طلبہ اپنے تعلیمی مسائل اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف سراپا احتجاج ،دھرنا جاری۔ تفصیلات کے مطابق گومل یونیورسٹی میں الائیڈ فیکلٹی تیسرے روز بھی بند ہے۔ طلبا نے اپنے مطالبات کے حق میں فیکلٹی کے سامنے ٹینٹ لگا کر دھرنا دیا جو مسلسل جاری ہے ،طلبہ اپنے تعلیمی مسائل اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ طلباءکا کہنا ہے کہ ان کے لئے نہ تو ٹریننگ کے لیے ہسپتال مہیا کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی علیحدہ بلڈنگ فراہم کی گئی ہے جس کے باعث ان کی تعلیم اور عملی تربیت دونوں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔احتجاج کرنے والے طلبا کا مقف ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہے ،تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اس احتجاج کو ریاست مخالف قرار دے کر نہ صرف طلبا کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،طلبا کا کہنا ہے کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ انتظامی امور پر آج بھی وہی پرانے لوگ قابض ہیں جنہوں نے ماضی میں یونیورسٹی کو تباہی کے دہانے تک پہنچایا۔ یہی افراد پہلے بھی طلبا کو اداروں کی نظروں میں مشکوک اور ریاست مخالف بنا کر اپنے کرتوت چھپاتے رہے اور اب دوبارہ انہی ہتھکنڈوں کے ذریعے طلبا کو دہشتگرد بنا کر خوف کی سیاست سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،مظاہرین نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔ شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور کرپشن میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ طلبا کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم دشمن رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا۔