ڈیرہ ،سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن ،اشتہاری مجرمان کے ٹھکانے نذر آتش
ڈیرہ اسماعیل خا ن(بیورورپورٹ)ڈیرہ و میانوالی کے سرحدی پہاڑی علاقوں میں ڈیرہ پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن ،مجرمان اشتہاریوں کے ٹھکانے نذر آتش،اہلیان علاقہ کی تعاون کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی ہدایت پر ایس پی پہاڑپور ڈویژن سید اسد علی شاہ و ایس ڈی پی او پہاڑپور سرکل ملک عابد اقبال کی زیر قیادت ہمراہ ایس ایچ اوز تھانہ کڑی خیسور صنان نیازی، تھانہ شہید نواب خان محمد علی خان اور ایس ایچ او پہاڑپور قاسم خان معہ نفری پولیس نے مجرمان اشتہاریوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کیلئے ڈیرہ و میانوالی کے سرحدی پہاڑی علاقوں، وانڈہ جات و ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا ۔ بدوران سرچ مختلف دیہاتوں میں گھروں کو چیک و کلیئر کیا گیا جبکہ مجرمان اشتہاریوں کے ٹھکانوں کو نذر آتش کیا گیا ۔ اہلیان علاقہ سے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی گئی تاکہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جاسکے ۔