سیلاب ‘پنجاب میں دو ملین ایکڑ زرعی اراضی متاثر
ملتان (وقائع نگار)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت زراعت ہاس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلابی صورتحال اور وزیراعلی پنجاب(بقیہ نمبر23صفحہ7پر )
کے زرعی ترقی کے لیے جاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو،سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پلاننگ عامر شہزاد کنگ،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں، چوہدری عبدالحمید،رانا تجمل حسین سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے زرعی اقدامات سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو ملین ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے جبکہ چار ہزار سے زائد مواضعات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے نقصانات کے تخمینے کے لیے 2200 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں اور یہ رپورٹ تین سے چار ہفتوں میں مکمل کر لی جائے گی۔سید عاشق حسین کرمانی نے بتایا کہ ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن کے لیے بہت جلد درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں جبکہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ زراعت و لائیو اسٹاک کے کسانوں کے لیے خصوصی پیکج فراہم کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ نوجوان زرعی گریجویٹس نے فیلڈ میں عملی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور نو منتخب انٹرنیز کی سرگرمیوں کو باقاعدہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کی رہنمائی کے سلسلہ میں جاری فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔