پاکستان صحت کے میدان میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے: چیئر مین سینیٹ

    پاکستان صحت کے میدان میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے: چیئر مین سینیٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                              اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سائنسدانوں، مینوفیکچررز اور ریگولیٹرز کی محنت سے پاکستان صحت کے میدان میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے، پارلیمان کی اولین ترجیح فارما انڈسٹری کے مسائل حل کرنا اور ترقی کے لئے سازگار ماحول دینا ہے، مستقبل کی حکمتِ عملی میں اختراع، اشتراک اور پائیداری کو مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔ 8ویں پاکستان فارما سمٹ اور4ویں فارما ایکسپورٹ سمٹ اینڈ ایوارڈز 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امسال کا موضوع ”صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور لچک: بدلتی دنیا کے لئے پاکستان کی فارما انڈسٹری کی تیاری“ نہایت بروقت اور اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فارما ایکسپورٹ سمٹ اینڈ ایوارڈز میں ٹاپ 50 فارما ایکسپورٹرز کو اعزازات سے نوازا گیا جو پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے، فارما ایکسپورٹرز اور کمپنیوں کی کامیابی ملک و قوم کے لئے باعثِ فخر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سائنسدانوں، مینوفیکچررز اور ریگولیٹرز کی محنت سے پاکستان صحت کے میدان میں خود کفالت کی طرف بڑھ رہا ہے، گزشتہ مالی سال میں فارماسیوٹیکل ایکسپورٹس 457 ملین ڈالر تک پہنچیں، 34 فیصد ریکارڈ اضافہ ہواجو دو دہائیوں میں سب سے بڑی نمو ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان آج اپنی دواسازی کی زیادہ تر ضروریات مقامی پیداوار سے پوری کر رہا ہے، یہ قومی کامیابی ہے، پاکستانی کمپنیاں عالمی مارکیٹوں میں قدم جما رہی ہیں، معیار، اعتماد اور تسلسل ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی اولین ترجیح فارما انڈسٹری کے مسائل حل کرنا اور ترقی کے لئے سازگار ماحول دینا ہے، فارما انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے پارلیمان قانون سازی اور پالیسی سازی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ماہرین اور غیر ملکی مندوبین کی شرکت پاکستان کی فارما انڈسٹری پر دنیا کے اعتماد کا اظہار ہے، پاکستانی ایکسپورٹرز نے عالمی معیار اور ڈبلیو ایچ او سمیت اہم سرٹیفکیشنز حاصل کر کے نئی منڈیوں کے دروازے کھولے ہیں، مستقبل کی حکمتِ عملی میں اختراع، اشتراک اور پائیداری کو مرکزی حیثیت دینا ہوگی، تحقیق و ترقی کو مضبوط بنا کر عالمی مقابلہ بازی میں پاکستان کا مقام مزید بلند کیا جا سکتا ہے۔

چیئر مین سینٹ 

مزید :

صفحہ اول -