گریلو جھگڑے اور جائیداد کے تنازعے پر ہونے والی فائرنگ نے باپ اور تین جوان بیٹوں کی جان لے لی ،دلخراش واقعہ کی خبر سنتے ہی ماں بھی صدمے سے چل بسی
کرک(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں جائیداد اور گریلو تنازعہ پر سگے رشتہ دار مخالفین نے فائرنگ کرکے باپ اور تین بیٹوں کو قتل کردیا جبکہ شوہر اور بیٹوں کی ہلاکت کی خبر سن کر بچوں کی ماں بھی صدمے سے چل بسی۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ شاہ سلیم کی حدود گڈی خیل میں 3 بھائی ڈاکٹر وحید، انجینئر ساجد اور مولانا احسان اللہ پسران پاڑو خان اپنے چچا زاد بھائی کے ہمراہ گھر کے باہر موجود تھے کہ اس دوران معمولی تنازعہ پر اُن کی اپنے خالہ زاد بھائیوں کے ساتھ تکرار ہوگئی جس کے دوران دونوں نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا جس کے نتیجہ میں وحید، ساجد اور احسان اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا چچا زاد بھائی اور مخالف فریق کا ایک شخص زخمی ہوگیا۔افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیں ہیں۔دوسری طرف شوہر اور تین جوان بیٹوں کی موت کی خبر گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، بچوں کی ماں یہ صدمہ برداشت نہ کرسکی اور وہ بھی چل بسی۔واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کررہی ہےجبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین اور ملزمان آپس میں ماموں اور خالہ زاد بھائی ہیں اور ان کے درمیان عرصہ دراز سے جائداد کا تنازع چل رہا تھا جس کی وجہ سے اکثردونوں خاندانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا تھا ۔