وزیر اعظم کا 24 گھنٹے میں صارفین کے بجلی بلز کم کرنے کا حکم، بینک کھلے رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی اور حکم دیا کہ ریلیف کے تحت 24 گھنٹے میں صارفین کے بلز کو کم کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی صارفین کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ، وزیر اعظم نے کہا کہ 200 یونٹ تک کے بجلی صارفین کے بلز میں اعلان کردہ ریلیف کو 24 گھنٹے میں شامل کیا جائے ، بجلی بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا سٹاف 24 گھنٹےکام کرے،بلز کی تصحیح کیلئے تمام سٹاف کی چھٹیاں ختم کرکے کام کو نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیر اعظم نے بلز جمع کروانے کیلئے بینکوں کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت جاری کرنے کا حکم دیا ۔خیال رہے کہ 1 کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دیئے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح کا عمل جاری ہے ۔