حضور نبی اکرم ﷺپوری دنیا کیلئے رول ماڈل ہیں:ڈاکٹر طاہرالقادری کا جنوبی کوریا میں سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جنوبی کوریا کنٹیکس ہال میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺپیغمبر انسانیت ہیں۔ آپؐ دنیا بھر کے انسانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ آپؐ نے انسانیت کو آئین سازی، مساوات انسانی، عدل و انصاف، خواتین کے عزت و احترام، انسانوں کے حقوق و فرائض، قانون کی حکمرانی، بین الاقوامی معاہدات کی پاسداری، انسانی جان کی حفاظت و حرمت، امن عامہ اور متوازن سوسائٹی کی تعمیر و تشکیل کے راہ نما اصول دیئے۔
بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا نے کیا۔ کانفرنس میں پاکستان،کوریا، چین، تائیوان، ازبکستان، سری لنکا، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، یمن، ایران، بنگلہ دیش، لیبیا، لبنان سے وفود اور مختلف مذہبی تحاریک کے نمائندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس میں جنوبی کوریا میں ایران کے سفیر سعید کوزچی نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں جنوبی کوریا کی معروف یونیورسٹیز کے بین المذاہب تقابل کے محققین نے بھی شرکت کی۔ شرکائے کانفرنس نے آپ ؐﷺکی انسانیت دوست تعلیمات کے موضوع پر کانفرنس منعقد کرنے پر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو اکٹھا کرنے پر شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی کاوشوں کو سراہا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اُمت کے پاس حضور نبی اکرم ﷺکی ذات مقدس ایک حسین نمونہ حیات ہے۔مسلمان امن اور محبت کا داعی ہے کیونکہ وہ اپنی آخرت کی اچھی زندگی کے لیے اس دنیا میں اچھے اعمال بجا لاتا ہے۔ آخرت کی زندگی سنوارنے کے لیے کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔ رزق حلال کے ذرائع اختیار کرتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان و کردار اور انہیں اچھا انسان بنانے کے لیے تعلیم دیتا ہے۔ یہی اجزاء ایک پرامن اور خوشحال سوسائٹی کے خدوخال نکھارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺکی سیرت طیبہ اور انسانیت کی فلاح کے لیے آپ ﷺ کے عملی اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانوں کے لیے اتحاد و اتفاق کا مضبوط جواز ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺنے اتحاد اور جماعت کے ساتھ جڑنے کی دعوت دی اور فرمایا جماعت کے ساتھ جڑنے والے جنت کے راستے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اتحاد اُمت کی بین الاقوامی داعی تحریک ہے۔ کانفرنس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، حماد مصطفیٰ المدنی القادری، مسز صفہ حماد قادری، شیخ احمد مصطفی العربی نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین علی یوسفی، میاں علی عمران، ڈاکٹر منصور میاں، شہزاد علی بھٹی، محمد جمیل چودھری، شفیق خان، عبدالرزاق بھٹی، فیصل نقیب، محمد عظیم مرزا، عتیق الرحمن، خالد حمید بٹ، عقیل مجاہد اعوان، حمزہ خان جدون نے کانفرنس میں شرکت کی۔