وزیر اعلیٰ بننے کی پیشکش کی گئی، آفر ٹھکرائی تو کون سے عہدے آفر ہوئے؟ سونو سود کا حیران کن دعویٰ
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف بالی وُڈ اداکار سونُو سود نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سیاست میں شمولیت کے لیے کئی اہم پیشکشیں دی گئیں، لیکن انہوں نے سب کو ٹھکرا دیا۔ ، انہیں کووڈ19 وبا کے دوران انسانی خدمت کے لیے "مسیحا" قرار دیا گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں سیاست میں شمولیت کی پیشکشیں ملیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں سونُو سود نے بتایا کہ انہیں وزیراعلیٰ، ڈپٹی وزیراعلیٰ اور راجیہ سبھا کی نشست تک کی پیشکش ہوئی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں سیاست میں جانے کا کوئی شوق نہیں۔
نیوز 18 کے مطابق سونُو سود نے کہا "مجھے وزیراعلیٰ بننے کی پیشکش کی گئی تھی اور جب میں نے انکار کیا تو انہوں نے کہا ‘ڈپٹی وزیراعلیٰ کیوں نہیں؟’۔ یہاں تک کہ طاقتور شخصیات نے مجھے راجیہ سبھا میں نشست کی پیشکش کی، اور کہا کہ انتخابات لڑنے کی بھی ضرورت نہیں، بس ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں۔"
سونُو نے کہا کہ وہ ان پیشکشوں کو قبول نہ کرنے کے فیصلے پر قائم ہیں کیونکہ ان کی ذاتی اقدار انہیں سیاست سے دور رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا، "سیاست اکثر دولت اور طاقت کے بارے میں ہوتی ہے، اور یہ چیزیں مجھے دلچسپ نہیں لگتیں۔ میں اپنی آزادی میں رہتے ہوئے لوگوں کی مدد کر رہا ہوں اور کسی کو جوابدہ ہونے کی ضرورت محسوس نہیں کرتا۔"