شادی ہوتے ہی بیوی اپنے شوہر کو دوسری خواتین کے ساتھ تعلقات بنانے کی ترغیب دینے لگی، لیکن پھر ایسا انکشاف کہ ہنگامہ برپا ہوگیا
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے صوبے گوئژو میں ایک حیران کن واقعہ منظر عام پر آیا ہے ، جہاں ایک عورت اپنے شوہر کو بے وفائی کرنے اور کسی دوسری عورت کے ساتھ تعلقات بنانے پر مجبور کر رہی تھی۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا اور بعد میں یہ ایک انتہائی چالاک شادی کے فراڈ کی کہانی نکلی۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب شوہر نے اپنی بیوی کے غیرمعمولی رویے پر شک ظاہر کیا۔ معاملہ آخر کار گوئژو کے لونگلی کاؤنٹی کی عدالت پہنچا، جہاں بیوی نے خود اپنے منصوبے کا اعتراف کیا۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق عورت نے اپنے شوہر کو بے وفائی پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔ شادی کے چند دن بعد ہی اس نے شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کے بہانے بنانے شروع کر دیے، جس کی وجہ سے شوہر کو شک ہوا۔ صورتحال اس وقت مزید مشکوک ہو گئی جب دو آدمی جو خود کو عورت کے بھائی ظاہر کر رہے تھے، عورت کو اس کے شوہر کے گھر چھوڑ گئے۔ شوہر نے صورتحال کو بھانپتے ہوئے پولیس کو طلب کیا۔
پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ عورت اور اس کا بوائے فرینڈ بھاری قرضوں میں مبتلا تھے۔ دونوں نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک شادی کے فراڈ کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے ایک میچ میکنگ ایپ کے ذریعے ایک مرد کو اپنے جال میں پھنسایا، اس سے شادی کی اور 16 لاکھ یوآن بطور حق مہر اور چھ لاکھ یوآن مالیت کے زیورات حاصل کیے۔
عورت نے انتہائی مکاری کے ساتھ منصوبہ بنایا اور اپنے شوہر کو پرائی عورتوں کے ساتھ جسمانی تعلقات بنانے کی ترغیب دینے لگی۔ چینی قانون کے مطابق اگر شوہر کسی دوسری عورت کے ساتھ تعلقات بنائے تو حق مہر کی رقم واپس نہیں کی جاتی۔ اسی لیے عورت اپنے شوہر کو دوسری عورت کے ساتھ تعلقات بنانے پر مجبور کر رہی تھی۔
تاہم شوہر نے ہوشیاری سے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ اس کا شک درست ثابت ہوا اور عورت اور اس کے ساتھیوں کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔اس واقعے نے عوام اور حکام کو حیران کر دیا۔ عدالت میں کیس کی مزید سماعت جاری ہے، اور اس دھوکہ دہی میں شامل تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔