چین میں کورونا سے اموات میں 80 فیصد تک کمی
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین میں روزانہ کووڈ 19 سے ہونے والی اموات کی تعداد میں نئے سال کے آغاز سے تقریباً 80 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، حکام نے کہا ہے کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں انفیکشن کا غیر معمولی اضافہ کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بیجنگ نے گزشتہ ماہ اپنی صفر کووڈ پالیسی کو اچانک ختم کردیا تھا جس کے نتیجے میں کورونا کی ایک بدترین لہر نے جنم لیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ بیجنگ کے اعداد و شمار حقیقی تعداد کے صرف ایک حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چینی سی ڈی سی نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ 13 سے 19 جنوری کے درمیان تقریباً 13 ہزار افراد کووِڈ سے متعلقہ بیماریوں سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے کے اعلان میں کہا گیا تھا کہ ہسپتالوں میں صرف ایک ماہ کے دوران لگ بھگ 60 ہزار افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
لیکن حالیہ مقامی حکومت کے اعلانات اور میڈیا رپورٹس نے اشارہ کیا ہے کہ دسمبر کے آخر اور جنوری کے شروع میں جب ہسپتال اور مردہ خانے بھرے ہوئے تھے تب سے یہ لہر کم ہونا شروع ہو گئی ہوگی۔
چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ ہسپتالوں میں پیر کو وائرس سے 896 اموات ہوئیں، جو کہ 4 جنوری سے 79 فیصد کی کمی ہے۔ سی ڈی سی نے کہا کہ ہسپتالوں میں شدید کیسز بھی پیر تک کم ہو کر 36 ہزار ہو گئے، جو کہ 5 جنوری کو 128,000 کی بلند ترین سطح سے 72 فیصد کمی کی نمائندگی کرتا ہے۔