کراچی، 21 جنوری کو اغوا ءہونیوالا شہری بازیاب
کراچی(آئی این پی)کراچی میں 21 جنور ی کو نیوسبزی منڈی سے اغواء ہونے والے شہری کو بازیاب کرالیا گیا، اغواء کاروں میں مغوی کا بہنوئی سلمان اور اس کا دوست اسلام الدین شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر سکندر گوٹھ گلزار ہجری میں مشترکہ چھاپہ مارا اور دوران سرچ آپریشن خالی گھر سے مغوی کو بازیاب کرالیا۔ترجمان رینجرز نے بتایا کہ مغوی کو 21 جنور ی کو نیوسبزی منڈی سے اغواءکیا گیا تھا، 6 نامعلوم مسلح افراد گن پوائنٹ پر شہری منصور علی کو اپنے ہمرا لے گئے تھے۔اغوا ءکی ایف آئی آر سائٹ سپر ہائی وے میں درج ہے۔
بازیاب مغوی منصور علی نے بازیابی کے بعد انکشاف کیا کہ اغوا ءکاروں نے مغوی کو 2 سے 3 مقامات پر منتقل کیا اور دوران حراست ملزمان نے مغوی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 2 پلاٹس اراضی ڈاکومنٹس پر دستخط بھی کروائے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مغوی نے اغواء میں ملوث 2 افراد کی شناخت کرلی، اغواء کاروں میں مغوی کا بہنوئی سلمان اور اس کا دوست اسلام الدین شامل ہیں۔بازیاب مغوی منصور علی کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور مغوی کی نشاندہی پہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مشترکہ ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔