کرم میں امن صرف دستخط سے نہیں معاہدے پر عمل سے آئے گا: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چودھری کا کہنا ہے کہ کرم میں امن صرف دستخط سے نہیں بلکہ معاہدے پر عمل کرنے سے آئے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق کرم میں قیامِ امن کے لئے کوہاٹ میں جرگہ ہوا جس میں لوئر کرم کمیٹی اور گرینڈ جرگے کے اراکین نے شرکت کی۔
اس موقع پر جرگے سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودھری نے کہا کہ امن صرف دستخط کرنے سے نہیں بلکہ معاہدے پر عمل درآمد کرنے سے آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 نکاتی معاہدے کی تمام شقوں پر آپ کے تعاون سے عمل ہوگا، معاہدے پر آگے بڑھنے کی بات کریں، پیچھے نہ دیکھیں، نقصانات کی تفصیلات بھیج دیں، ازالہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کے مطابق کرم میں بنکرز گرانے کا عمل جاری رہے گا، فریقین اسلحہ جمع کرائیں گے، کرم میں قیامِ امن کے لئے امن کمیٹی اور عوام حکومت سے تعاون کریں گے، قافلے کی حفاظت کی ذمہ داری امن کمیٹی اور لوگوں کی بھی ہوگی۔