عمران خان نے غریب عوام کے 64 ارب روپے پر ڈاکا ڈالا: احسن اقبال
نارووال ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے غریب عوام کے 64 ارب روپے پر ڈاکا ڈالا، پی ٹی آئی والے کس منہ سے اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے انتخابی حلقے میں سڑک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے جب بھی حکومت چھینی جاتی ہے پاکستان پر تباہی اور بربادی اپنے سائے ڈال لیتی ہے، ایک اناڑی کو ملک کی چابیاں دے کر کرسی پر بٹھا دیا گیا وہ خود کہتا تھا کہ مجھے اب پتہ چلا ہے کہ حکومت کیسے چلاتے ہیں، پاکستان کسی ڈرائیونگ سکول کی گاڑی نہیں تھی کہ پاکستان کا وزیراعظم بنا کر کسی کو وزیر اعظم بننے کی تربیت کا موقع دیا جائے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 4 سالوں میں ملک کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی، اس شخص نے پاکستانی قوم کو تقسیم کرکے چپے چپے پر جگ ہنسائی کروائی، یہ دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا رسیدیں مانگتا تھا جب اس کی رسیدیں دکھانے کی باری آئی تو پتہ چلا اس نے پاکستان پر64 ارب کا ڈاکا ڈالا ہے، عمران خان نے غریب عوام کے 64 ارب روپے پرڈاکا ڈال کر کھایا، عمران خان کا یہ جرم نہ امریکامعاف کر سکتا ہے نہ برطانیہ معاف کر سکتا ہے نہ پاکستان کے عوام معاف کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا ، برطانیہ میں کوئی لیڈر 64 ارب روپے کا ڈاکا خزانے میں ڈالے گا تو اپنی قوم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، آج پی ٹی آئی والے کس منہ کے ساتھ اپنے لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، آپ کو شیخ رشید کا بیان یاد ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ شکر ہے کہ ہماری حکومت چلی گئی ورنہ لوگوں نے ہمیں بڑے پتھر مارنے تھے، چیئرمین ایف بی آر کا بیان یاد ہے انہوں نے گواہی دی تھی کہ عمران خان کے دور میں ملک دیوالیہ ہو چکا تھا۔