محکمہ تعلیم کی غیر ضروری اسامیوں کو جدید بنا رہے ہیں،سردار شاہ 

محکمہ تعلیم کی غیر ضروری اسامیوں کو جدید بنا رہے ہیں،سردار شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم سندھ سید سردارعلی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں غیر ضروری پوسٹیں ختم کر کے اسے جدید تقاضوں کے مطابق بنا رہے ہیں، جب تک اسکولوں کی سرپرستی علاقے کے لوگ اور منتخب نمائندے نہیں کریں گے اچھے نتائج نہیں ملیں گے،نئے بھرتی اساتذہ تعلیمی شعبے میں انقلاب لائیں،نقل کا رجحان اس وقت ختم ہو گا جب صوبے بھر کے اساتذہ تعاون کرینگے،اساتذہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہو اور میرے بس میں جو بھی ہوا اساتذہ کی بہتری کیلئے کروں گا۔وہ اپنے دفتر میں گورنمنٹ سکینڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) کے مرکزی صدر مقصود محمود مہیسر کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے اعلی افسران اور گسٹا کے مرکزی جنرل سیکریٹری حسین بخش خمیسانی اور ترجمان نثار احمد سومرو بھی موجود تھے۔گسٹا کی قیادت نے دوران ملاقات صوبائی وزیر تعلیم کو سکینڈری اسکولوں کے اساتذہ کو درپیش مشکلات سے تحریری طور پر آگاہ کیا اور زور دیا کہ نئے مالی سال کے بجٹ سے ادر کیڈر اساتذہ کی ختم کی گئی پوسٹیں فوری بحال کی جائیں،سال2012ء میں بھرتی ادر کیڈر اساتذہ کے مسائل حل کئے جائیں،جونیئر اور ہائی اسکول ٹیچرز کی سنیارٹی لسٹ میرٹ کے مطابق بنائی جائے،ایچ ایس ٹی اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ اساتذہ کی ترقیوں کا تناسب متوازی کیا جائے،ریٹائرمنٹ پالیسی آن لائن کی جائے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ اساتذہ کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور اعلی سطحی اجلاس طلب کر کے مسائل کا موثر حل نکالیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب اساتذہ اپنے پیشے پر ایجنٹ ہونے کا داغ لگالیتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے اس لئے وہ ایجنٹ ہونے کا داغ دھوئیں۔ اساتذہ کی پینشن آن لائن کرنے کی پالیسی پر کام کرر ہے ہیں فنانس سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلئے سندھ کابینہ اور اسمبلی میں بھی مسئلہ اٹھاؤں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 15 اگست تک تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے اور سیکریٹری تعلیم سندھ ا سکولوں کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے دوست تنقید ضرور کریں مگر بہتری لانے کیلئے تجویز بھی دیں۔