وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کے سینئر  وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے  میڈیا ورکرز اور اداروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دی۔اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صحافی برادری کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کی خواہاں ہے، صحافیوں کی صحافتی ذمہ داریوں کی ادائگی حائل دشواریوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے.

انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ کیا جائے اور ان کے مالی مسائل حل کئے جائیں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے مسائل کے فوری حل کو ترجیحی طور پر یقینی بنایا جائے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای سمیت تمام تنظیموں سے مسائل اور ان کے حل سے متعلق مشاورت کی جائے، میڈیا ورکرز اور اداروں فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام تک آسان اور جلد رسائی کے لئے تمام محکموں کے سوشل میڈیا اکائونٹس بنائے جائیں، عوام کی فلاح و بہبود کے حکومتی منصوبوں سے متعلق عوام کو بذریعہ میڈیا بھرپور آگہی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات و منصوبوں سے متعلق عوام کو تفصیلی آگہی دی جائے۔

اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات سلیم خان، ڈائریکٹر ایڈمن منصور راجپوت، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو اور ڈائریکٹر پریس ریاض میمن، ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا فدا بالادی، ڈائریکٹر پبلیکیشن امتیاز جویو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، ڈائریکٹر سوشل میڈیا فیصل فاروقی نے بھی شرکت کی۔