بابر اعظم کی شاندار بلے بازی ،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا 

بابر اعظم کی شاندار بلے بازی ،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کا پہاڑ جیسا ہدف ...
بابر اعظم کی شاندار بلے بازی ،کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرلیا 
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نوویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ۔ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر انیسویں اوور میں حاصل کرلیا ۔ بابر اعظم 60گیندوں پر 90رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے محمد رضوان اور جیمز وینس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر کرس لین عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ 
محمد رضوان اور جیمز وینس نے کرس لین کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت ملنے والے مومینٹم کو برقرار رکھا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 70 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی سکور 123 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر محمد رضوان ارشاد اقبال کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں باونڈری کے قریب محمد نبی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، وہ 32 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنا سکے۔ جارحانہ بلے بازی کرنے والے جیمز وینس بھی ارشاد اقبال کو چھکا لگانے کی کوشش میں باونڈری کے قریب کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے، انہوں نے 29 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ 
ملتان سلطانز کے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی ریلی روسو خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 148 کے مجموعی سکور پر وہ بھی ڈینیل کرسچن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے چار گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے سات رنز بنائے۔ خوشدل شاہ صرف چھ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور 173 کے مجموعی سکور پر وقاص مقصود نے انہیں کلین بولڈ کر دیا۔ شاہد خان آفریدی بھی مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے اور 182 کے مجموعی سکور پر محمد عامر کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ ہوئے، وہ صرف تین رنز بنا سکے۔ صہیب مقصود نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں اپنے ہاتھ دھوئے اور 27 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ کراچی کنگز کی جانب سے ارشاد اقبال سب سے کامیاب باولر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 36 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عماد وسیم، ڈینیل کرسچن، محمد عامر اور وقاص مقصود نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ملتان سلطان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابر اعظم میدان میں آئے تو شرجیل خان پانچویں اوور میں شاہنواز دھانی کی گیند پر آوٹ ہوئے ،انہوں نے 14گیندوں پر 27رنز بنائے ۔ان کے بعد آنے والے بلے باز جو کلارک پندرہویں اوور میں اس وقت آوٹ ہوئے جب شاہنواز دھانی کی گیند پر کرس لین نے کیچ پکڑا ،انہوں نے 26گیندوں پر 54رنز بنائے ۔اس کے بعد کولن انگرام صرف چھ سکور بنا کر سہیل خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے ۔محمد نبی 13سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -