پاسپورٹ آفس نے بیرون ملک سے آنے والی سیاہی کی کھیپ کو تاخیری ادائیگی پر کلیئر کر نے کے لیے کسٹمز حکام سے مدد مانگ لی

 پاسپورٹ آفس نے بیرون ملک سے آنے والی سیاہی کی کھیپ کو تاخیری ادائیگی پر ...
 پاسپورٹ آفس نے بیرون ملک سے آنے والی سیاہی کی کھیپ کو تاخیری ادائیگی پر کلیئر کر نے کے لیے کسٹمز حکام سے مدد مانگ لی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس نے پاسپورٹس کے اجراء میں غیرمعمولی تاخیر کے ہنگام کسٹمز حکام سے مدد مانگ لی۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس کی طر سے کسٹمز کلیکٹرکو خط لکھا گیا ہے، جس میں بیرون ملک سے آنے والی سیاہی کی کھیپ کو تاخیری ادائیگی پر کلیئر کرنے کی درخواست کی گئی ہے، تاکہ سیاہی کی کمی کے سبب پاسپورٹس کے اجراء میں تاخیر کا خاتمہ ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس کی طرف سے ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے سیاہی کی کھیپ کو کسٹمز کی طرف سے کلیئرنس نہیں مل رہی۔ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے خط میں کسٹمز حکام کو فنڈز نہ ہونے کے بارے میں بتاتے ہوئے سیاہی کی کھیپ کو تاخیری ادائیگی پر کلیئر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس کا فنڈز کی عدم دستیابی کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ پاسپورٹ آفس کی طرف سے گزشتہ ماہ نہ صرف اپنی بلڈنگ کی تزئین و آرائش پر 6کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں بلکہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دینے والے لاکھوں شہریوں سے حالیہ مہینوں میں فیس کی مد میں کروڑوں روپے بھی وصول کرچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹ کی سیاہی کی کھیپ 28جولائی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ رہی ہے۔