جب دہشتگردوں کو واپس لاکر آباد کرنا شروع کردیں تو ریاست کے ساتھ جو ہونا ہے وہ ہورہا ہے:مصدق ملک
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہےکہ جب آپ دہشتگردوں کو واپس لاکر آباد کرنا شروع کردیں تو ریاست کے ساتھ جو ہونا ہے وہ ہورہا ہے۔ بشام میں دہشتگردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتا ہوں، پاکستان کی ترقی کے دشمن غیرملکی باشندوں کو نشانہ بناتے ہیں، ساری دنیا جانتی ہے کلبھوشن یادیو کو دہشتگردی کیلئے پاکستان کس نے بھیجا تھا، دنیا پاکستان کو دہشتگردی کے بجائے پاکستان کے نکتہ نظر سے دیکھے، ہماری خارجہ پالیسی، معاشی پالیسی اور دفاعی پالیسی مستحکم ہونی چاہیے،خطے میں پاکستان کے صرف چین کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے بھی شرکت کی ۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 2013ء تک ملک میں روزانہ دو تین دہشتگرد حملے ہوتے تھے، ہم نے اس کے بعد آپریشن ضرب عضب اور آپریشن رد الفساد کی صورت 2 جنگیں لڑ کر دہشتگردی کا قلع قمع کیا، پھر پالیسی بدلی کہ دہشتگرد ہمارے بھائی ہیں انہیں موقع دینا چاہیے، آج دہشتگردی کے تمام واقعات پالیسی میں اسی تبدیلی کا نتیجہ ہیں،جب آپ دہشتگردوں کو واپس لاکر آباد کرنا شروع کردیں تو ریاست کے ساتھ جو ہونا ہے وہ ہورہا ہے۔