پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وزارت خارجہ میں موجود سفرا کےاعزازمیں عشائیہ خطاب میں کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ ناصرف روزہ رکھنے بلکہ قربانی اور نظم وضبط کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رمضان ضرورت مند اور مجبور افراد کے ساتھ احترام اور دیکھ بھال کے جذبے کو فروغ دیتا ہے، آج ہمیں ان لازوال اقدار کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، پاکستان میں ہر کسی کو اپنےعقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی مکمل آزادی ہے۔شہبازشریف نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان دیگر ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان بطور ذمہ دارملک امن اور خوشحالی کے لئےعلاقائی کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی ہماری حکومت کا مرکزی ایجنڈا ہے، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے، پاکستان کسی سےعداوت نہیں رکھنا چاہتا، فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان بھرپورحمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے فوری نفاذ کے لئے مخلصانہ کوشش کرنی چاہئے، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔