سرکاری ملازمین پولیو قطرے پلوانے سے انکاری
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سرکاری ملازمین بھی بچوں کو پولیو قطرے پلوانے سے انکاراور احتراز کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور نے کمشنر کو انکاری سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی ہے۔ اِس حوالے سے بھجوائے گئے مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر پولیو خاتمہ کے لئے قائم ٹیم نے انکاری والدین سے ملاقات کرکے اُنہیں راضی کرنے کی کوشش کی، سرکاری اداروں اور ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا تاہم زیادہ تر سرکاری افسر اپنے بچوں کو خصوصی پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے پر تیار نہیں اور وہی موقف اپنا رہے ہیں جو دوردراز دیہات کے مکینوں کا ہے۔ صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے انکاری سرکاری ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی جس کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ اُن تمام سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلوا رہے۔ صوبائی حکومت کو اِس مسئلے پر غور کرنے اور ٹھوس پالیسی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔
٭٭٭٭٭