ایلان مسک کی ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹرزآمد، باتھ روم سنک بھی ساتھ اٹھا لائے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین آدمی ایلان مسک گزشتہ روز سین فرانسسکو میں مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ’ٹوئٹر‘ کے ہیڈ کوارٹرز گئے اور اس موقع پر انہوں نے ایسی چیز ہاتھوں میں اٹھا رکھی تھی کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے۔ نیوز ویب سائٹ’ دی کرنٹ‘ کے مطابق ایلان مسک نے اپنے ہاتھوں میں باتھ روم کا سِنک (Sink)اٹھا رکھا تھا۔ ایلان مسک نے سِنک اٹھائے ٹوئٹر ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے ہی شیئر کی اور ویڈیو کے ساتھ ٹویٹ میں لکھا کہ ”ٹوئٹر ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوتے ہوئے۔ اسے بہہ جانے دیجیے۔“
Entering Twitter HQ – let that sink in! pic.twitter.com/D68z4K2wq7
— Elon Musk (@elonmusk) October 26, 2022
الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا اور خلائی تحقیقاتی کمپنی سپیس ایکس کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے قبل ازیں اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ’بائیو‘ بھی تبدیل کی اور اس میں ’Chief Twit‘ لکھ دیا۔رپورٹ کے مطابق ایلان مسک نے 44ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم بعد ازاں اس معاہدے سے پھر گئے جس پر ٹوئٹر انتظامیہ نے عدالت سے رجوع کر لیا۔
اب ایلان مسک کو کل (بروز جمعہ) شام5بجے تاک ٹوئٹر کی خریداری کے اس معاہدے کو حتمی شکل دینی ہے یا پھر انہیں ٹوئٹر انتظامیہ کے خلاف از سر نو مقدمہ لڑنے پر بھی غور کرنا ہو گا۔ٹوئٹر انتظامیہ کے ساتھ ٹوئٹر کی خریداری کا معاہدہ ٹوئٹر پر موجود کروڑوں جعلی اکاﺅنٹس کے معاملے پر ہوا۔ چنانچہ ایلان مسک جو باتھ روم سِنک اٹھا کر ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوئے ہیں اور ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’اسے بہہ جانے دیجیے‘ اس سے لوگ یہی مطلب لے رہے ہیں کہ ایلان مسک ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ان جعلی اکاﺅنٹس کا صفایا کر دیں گے۔