ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے،ایس ایم منیر

ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے،ایس ایم منیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(این این آئی)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی قیادت پر اندھا اعتماد ہے اور ہم نے انکے اس اعتماد کا مان رکھتے ہوئے اجتماعی فیصلے کئے ہیں،ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے نمائندے کل29دسمبر کوغرور اورتکبر کی زبان بولنے والے اپوزیشن رہنماؤں کا اکڑا ہوا سر نیچے جھکا دیں گے اور فیڈریشن میں ہمارے نامزد کردہ یو بی جی کے تمام امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکرپاکستان کی تاجربرادری اور فیڈریشن کی شان بڑھائیں گے ، ہمارے گروپ کی ایف پی سی سی آئی الیکشن کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں اور جمعہ کی شب پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو یو بی جی کی چوتھی کامیابی کی خوشخبری ملے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاریو بی جی الیکشن سیل میں فیڈریشن چیمبرکے سالانہ انتخابات برائے2018کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پریو بی جی کے چیئرمین سندھ زون)خالدتواب،مرکزی ترجمان گلزار فیروز،الیکشن سیل کے سربراہ حنیف گوہر، شکیل ڈھینگڑا،وسیم وہرہ، مریم چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔یو بی جی رہنماؤں نے فیڈریشن چیمبر آفکامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زبیرطفیل کی سال بھر کی بہترین کارکردگی اور بزنس کمیونٹی کیلئے انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں 3سال قبل یو بی جی نے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف مالی بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا بلکہ جاری مالی معاملات بہتر بنائے،یو بی جی کے پہلے تینوں صدور میاں ادریس ، عبدالرؤف عالم اور زبیرطفیل نے فیڈریشن چیمبر کے استحکام اور بزنس کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں کام کیا اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے چوتھے صدرغضنفربلور بھی منتخب ہوکراسی کارکردگی کے تسلسل کو آگے بڑھائیں گے۔ایس ایم منیر نے الیکشن کے حوالے سے تمام کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور مزید احکامات جاری کئے۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک نے نوجوان تاجررہنماؤں کو فیڈریشن میں مواقع دینے کا جو اعلان کیاہے اس پر ملک کی چاروں صوبوں کی کورکمیٹیاں کام کررہی ہیں اور آئندہ برسوں میں نوجوانوں کی ایک نئی قوت کو فیڈریشن میں متعارف کرایا جائے گا،ہم پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر تجارت وصنعت کی ترقی اور معاشی مضبوطی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔خالدتواب نے اس موقع پر کہا کہہم الزام تراشیوں اور پگڑیاں اچھالنے کے بجائے صرف بزنس کمیونٹی کے وسیع ترمفاد کیلئے پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں اور چوتھا الیکشن جیت کر بھی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔گلزار فیروز نے کہا کہ غضنفربلور فیڈریشن کے آئندہ صدر منتخب ہونگے اور انکی جیت تاریخی ہوگی،ہم ایف پی سی سی آئی کی بقاء وسلامتی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔حنیف گوہر نے الیکشن سیل کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو بی جی کی الیکشن میں حصہ لینے کی مکمل تیاری ہے اور مخالفین کومنفی حربے استعمال کرنے نہیں دیں گے۔ مریم چوہدری نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ نے خواتین تاجران کو عزی دی ہے اور ویمن انٹرپرینورز کے ساتھ ایکسپورٹ اور مقامی سطح پر تجارت کرنے کے حوالے سے بے حد تعاون کیا اور فیڈریشن کی مختلف کمیٹیوں میں مواقع دیئے جو کہ ماضی میں بہت کم دیکھا گیا تھا۔

مزید :

کامرس -