سانحہ انارکلی ‘نقصان کے جلد ازالے کا معاملہ حکومت پنجاب کے ساتھ اٹھایا جائیگا:اعجازاے ممتاز

سانحہ انارکلی ‘نقصان کے جلد ازالے کا معاملہ حکومت پنجاب کے ساتھ اٹھایا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز ے کہا ہے کہ متاثرین سانحہ انارکلی کو ہونے والے نقصان کے جلد ازالے کا معاملہ حکومت پنجاب کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر میں انارکلی آتشزدگی سانحہ متاثرین کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد میں میاں شبیر احمد، متین الرحمن، فرخ اخلاق ، صدر انجمن تاجران آٹوپارٹس بادامی باغ وقار احمد میاں اور صدر انجمن تاجران اشرف بھٹی شامل تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ انارکلی کے سانحہ میں نہ صرف بارہ سے زائد قیمتی جانیں گئیں بلکہ تاجروں کو 63ملین روپے سے زائد کا نقصان بھی ہوا جس کے جلد ازالے کے لیے حکومت پنجاب کو فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔  انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کو ہونے والے نقصان سے اچھی طرح آگاہ ہے اور ان کی مدد کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گا۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور کے مختلف حصوں میں آتشزدگی کے کئی سانحات نے سرکاری محکموں کی کمزوریوں کو بھی عیاں کردیا ہے جنہوں نے قواعد وضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انارکلی کے متاثرہ پلازہ میں آگ سے بچ نکلنے کا متبادل راستہ ہوتا تو اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ لاہور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے ، اگر محکمہ فائر بریگیڈ اور آگ بجھانے والے آلات کی بہتری پر توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں بڑے نقصان کا اندیشہ ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ شہر کے مختلف حصوں میں پانی کے ذخیرہ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے تاکہ آتشزدگی کے سانحہ کی صورت میں بروقت قابو پایا جاسکے۔

مزید :

کامرس -