علماء نے ہر دور میں دین حق کا پرچم سر بلند کیا،اشرف آصف جلالی

علماء نے ہر دور میں دین حق کا پرچم سر بلند کیا،اشرف آصف جلالی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) دارالعلوم نقشبندیہ مجددیہ میں شیخ الحدیث حضرت مفتی محمد معین الدین قادری کے ختم چہلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہﷺ و تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ نبوت مصطفی ﷺ کے فیضان سے ہر دور میں علما ء ربانی نے دینِ حق کا پرچم بلندرکھا ۔تندوتیز طوفان میں بھی علماء اسلام نے رشدو ہدایت کے چراغ بجھنے نہیں دیے حکمرانوں کے تعاون کے بغیر بھی مدا رس دینیہ نے علم و حکمت کے سر چشمے خشک نہیں ہونے دئیے ۔برصغیر پاک و ہند میں برطانوی سامراج کے دانت کھٹے کرنے کا سہرا بھی منبرو محراب کے سر ہے۔حضرت مجدد الف ثانی،امام فضلِ حق خیر آبادی اور امام احمد رضا بریلوی نے بڑے بڑے طوفانوں کے رخ موڑے۔ آج بھی پاکستان کے استحکام میں مدارس دینیہ کا بہت بڑا کردار ہے۔


علماء و مشائخ اہل سنت پاکستان کو کرائے کا گھر نہیں بلکہ اپنے عظیم اکابر کی عظیم امانت سمجھتے ہیں۔ہم پاکستان کے اسلامی تشخص اور ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا حضرت شیخ الحدیث مفتی محمد معین الدین قادری حضرت محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد ،حافظ الحدیث پیر سید محمد جلال الدین شاہ نقشبندی قادری اور حضرت مولانا محمد نواز کیلانی کے نہایت قابل فخر تلامذہ میں سے تھے۔ انہوں نے غلبہ اسلام کیلئے سینکڑوں علماء تیار کئے۔ چہلم کے اجتماع میں حافظ محمد عبد الستار سعیدیشیخ الحدیث جامعہ نظامیہ لاہور،مفتی محمد عبد الطیف،شیخ الحدیث جامعہ مدینۃ العلم،علامہ محمد عبد الرشید اویسی،سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی،صاحبزادہ خالد محمود کیلانی،صاحبزادہ ضیا الحق رضا ،مولانا رضا المصطفی ظریف القادری و دیگر علماء مشائخ نے شرکت کی۔